اپیل مسترد،معصوم زینب کے قاتل کی پھانسی کا دن متعین کردیا گیا


لاہور( 24نیوز ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مشہور زیادتی و قتل کیس کی اپیل پر فیصلہ کردیا ہے،انہوں نے زینب قتل کیس کے مجرم کی رحم کی اپیل مسترد کردی ہے، مجرم عمران کے ڈیتھ وارنٹ جاری کردیئے گئے جس کے تحت مجرم کو 17 اکتوبر کو پھانسی دی جائے گی۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شیخ سجاد احمد کے روبرو پراسیکیوٹر عبدالروف وٹو نے دلائل دیئے جس کے بعد عدالت نے مجرم عمران کے ڈیتھ وارنٹ جاری کیے۔

عدالت سے جاری ڈیتھ وارنٹ کے مطابق قصور کی 7 سالہ زینب کے اغوا، زیادتی اور بہیمانہ قتل کے مجرم عمران کو17 اکتوبر کو سینٹرل جیل لاہور میں پھانسی دی جائے گی اور مجرم کو مجموعی طور پر 21 بار سزائے موت کا حکم دیا گیا ہے۔

عدالت نے کائنات بتول کیس میں مجرم عمران کو 3 بار عمر قید اور23 سال قید کی سزاسنائی ہے،اس کے علاوہ عدالت نے مجرم کو 25 لاکھ روپےجرمانہ اور 20 لاکھ 55 ہزار روپے دیت ادا کرنے کا بھی حکم دیا،عدالت زینب سمیت 7 بچیوں تحمینہ، ایمان فاطمہ، عاصمہ، عائشہ آصف، لائبہ اور نور فاطمہ کےقتل کیس کا فیصلہ بھی سناچکی ہے۔