امریکا اور بھارت میں سمندری طوفانوں کی تباہ کاریاں

امریکا اور بھارت میں سمندری طوفانوں کی تباہ کاریاں


24نیوز: امریکا اور بھارت میں سمندری طوفانوں کی تباہ کاریاں جاری ہیں، امریکا میں سمندری طوفان مائیکل نے 7 اور بھارت میں طوفان تتلی نے 8 جانیں نگل لیں۔طوفان کے باعث درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، ہزاروں مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے۔

امریکا میں سمندری طوفان مائیکل کی تباہ کاریاں جاری ہیں، طوفان سے شمالی کیرولائنا میں ایک شخص ہلاک ہوگیا جس سے اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد سات ہوگئی ہے، ادھر فلوریڈا کے ساحلی علاقوں میں طوفان سے کاروبار زندگی درہم برہم ہوگیا، سڑکیں طوفانی ہواؤں کے باعث اکھڑنے والے درختوں، کھمبوں اور مکانات کے ملبے سے اٹی ہوئی ہیں، جبکہ کئی نشیبی ساحلی علاقوں میں اب تک پانی کھڑا ہے، حکام کے مطابق فلوریڈا، الاباما اور جارجیا میں طوفان کے باعث چار لاکھ سے زائد گھر بدستور بجلی سے محروم ہیں۔

دوسری جانب بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں تتلی طوفان نے تباہی مچا رکھی ہے، جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوچکے ہیں، طوفان کے نتیجے میں 126 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی چل رہی ہے۔متعدد اضلاع میں موسلادھار بارشیں ہورہی ہیں جبکہ سیلاب کا بھی خطرہ ہے، ریاستی حکومت نے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ ریسکیو اہلکاروں کی بڑی تعداد امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے ، کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع اور فون سروس معطل ہوگئی ہے جبکہ سڑکیں بھی پانی میں بہہ گئی ہیں.

وقار نیازی(Waqar Niazi)

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔