وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا نریندر مودی کوکھلا چیلنج



اسلام آباد( 24نیوز ) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم میں ہمت ہے توسرینگر میں بھارتی موقف پیش کرکے دکھائیں، عمران خان کل مظفرآباد میں بڑا جلسہ کریں گے، دنیا کو کشمیر پر پاکستانی موقف بتائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہناتھا کہکل آزاد کشمیر میں بڑا جلسہ ہونے جا رہا ہے، اس جلسے کی آواز آزاد اور مقبوضہ کشمیر میں گونجے گی،کشمیریوں کو اس وقت اعتماد میں لینا بہت ضروری ہے،کشمیریوں کی آواز دبائی جا رہی ہے ،ان پر پابندیاں ہیں ان کی آزادیاں سلب ہیں۔

وزیرخارجہ کاکہناتھا کہ کل عمران خان آزاد کشمیر کے دارالخلافہ میں کشمیر کی آواز اٹھائیں گے، اگر نریندر مودی میں ہمت ہے تو وہ سری نگر میں آئیں اور وہ وہاں اپنا موقف پیش کریں،دیکھتے ہیں پھر مقبوضہ کشمیر کا کشمیری مودی کا ساتھ دیتا ہے یا پاکستان کے ساتھ آواز لگاتا ہے۔

ان کا مزید کہناتھا کہ آج میں نے مقبوضہ کشمیر کی عوام تک ریڈیو کے ذریعے اپنا پیغام پہنچانے کی کوشش کی، کیونکہ وہاں ٹی وی اور اخبارات اور مواصلات کی بندش چل رہی ہے، کل ہر پاکستانی اور کشمیری کو مظفر آباد آنا چاہیے۔