سندھ ,خیبر پختونخوا  اور  بلوچستان کے اراکین اسمبلی نے حلف اٹھا لیا


کراچی(24نیوز) سندھ , خیبر پختونخوا   اور  بلوچستان کے اراکین اسمبلی نے حلف اٹھا لیا۔
تفصیلات کیمطابق کے پی کے اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اسمبلی کی عمارت ریڈ زون قرار دی گئی ہے اور اسمبلی اجلاس کے موقع پر400 پولیس اہلکار تعینات ہیں،خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس کا وقت ہونے پر گھنٹیاں بجنا شروع ہوگئی تھیں جس کے بعد اجلاس شروع کیا گیا۔
اپوزیشن اراکین نے اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میںبازوﺅں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر شرکت کی،سپیکر اسد قیصر کی غیر موجودگی میں اورنگزیب نلوٹھہ نے نومنتخب اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی سے حلف لیا۔حلف کے بعد ارکان اسمبلی رولز کے مطابق اسمبلی رجسٹر پر حروف تہجی کے تحت دستخط کیے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  قومی اسمبلی کا اجلاس، نو منتخب اراکین نے حلف اٹھالیا
قائمقام گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑانے نگران وزیر اعلیٰ دوست محمد کھوسہ کی تجویز پر اجلاس طلب کیا تھا۔
سندھ اسمبلی
دوسری جانب سندھ اسمبلی کے اراکین نے بھی حلف اٹھا لیا ہے،سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے تمام نومنتخب اراکین اسمبلی سے حلف لیا-

مختلف سیاسی جماعتوں کے نومنتخب اراکین سندھ اسمبلی سخت سکیورٹی میں اسمبلی سیکرٹریٹ پہنچے۔کورٹ روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے پر شدید ٹریفک جام ہوگیا جس کے بعد کئی ارکان کو پیدل اسمبلی آنا پڑا جس میں حلیم عادل شیخ اور سعید غنی شامل ہیں، پی ٹی آئی کے نو منتخب رکن اسمبلی فردوس شمیم نقوی بھی سندھ اسمبلی پہنچ گئے ہیں،ایم ایم اے کے واحد رکن اسمبلی سید عبد الرشید بھی اسمبلی میں آئے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی فردوس شمیم نقوی کا کہنا ہے کہ نیا پاکستان بنانے میں کلیدی کردار ادا کرنا ہے اور پیپلز پارٹی سے مل کر بہتر تبدیلی کے لیے کام کریں گے، سندھ میں بہتر اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے، پانی بجلی صحت اور تعلیم کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گی اور کرپشن کے خاتمے کے لئیے جد و جہد جاری رہے گی۔

بلوچستان اسمبلی
بلوچستان اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے بھی حلف اٹھا لیا ہے،نومنتخب اراکین اسمبلی سے سپیکر راحیلہ درانی نے حلف لیا۔
بلوچستان اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں،اجلاس میں شرکت کے لیے نومنتخب اراکین نے جوش وخروش سے شرکت کی ،پہلی مرتبہ نئی جماعت ”باپ“کے اراکین نے بھی حلف اٹھایا، پی ٹی آئی کے اراکین بھی پہلی مرتبہ منتخب ہوکر اسمبلی میں آئے ہیں۔
یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس 15 اگست کو طلب کیاگیا ہے جس میں نو منتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے,قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی،گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا اور گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے نگران وزرائے اعلیٰ کی تجاویز پر آج طلب کیا ہے۔

ویڈیو دیکھیں: