سندھ اسمبلی:پی ٹی آئی،ایم کیو ایم اور جی ڈی اے میں اتحاد کا فارمولہ طے

سندھ اسمبلی:پی ٹی آئی،ایم کیو ایم اور جی ڈی اے میں اتحاد کا فارمولہ طے


کراچی( 24نیوز )نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ہمار ا جھگڑا کرپشن کیخلاف ہے،سندھ میں اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کا امیدوار جی ڈی اے سے ہوگا۔
انہوں نے کہا ہے کہ ڈپٹی سپیکر کا امیدوار پی ٹی آئی سے ہوگا،سپیکر کا امیدوار ایم کیو ایم فراہم کرے گی،کوشش ہوگی کہ سب جماعتوں کو ساتھ لیکر چلوں۔
عمران اسماعیل کا میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں بتانا تھا کہ سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کا نام فائنل ہو چکا ہے جو تحریک انصاف سے ہو گا، تاہم اس حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، پارٹی مشاورت کے بعد متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنماﺅں سے کل ملاقات ہو گی۔ اپوزیشن لیڈر تحریک انصاف سے ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی دس سال میں بہت پیچھے چلا گیا ہے، عمران خان کراچی کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں، شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ کرپشن کا خاتمہ اولین ترجیح ہے اور رہے گی، اس کے خاتمے کے بغیر ترقی ممکن نہیں، ہم حقیقی تبدیلی لے کر آئیں گے، متحرک گورنر کی حیثیت سے ہر شہر جاوں گا۔

یہ بھی پڑھیں:  سندھ ,خیبر پختونخوا  اور  بلوچستان کے اراکین اسمبلی نے حلف اٹھا لیا
عمران خان نے کبھی گورنر ہاوس کو بلڈوز کرنے کا نہیں بلکہ یونیورسٹی بنانے کا کہا تھا، گورنر ہاﺅس کو پبلک کے لیے کھولیں گے اور اخراجات کو کم کریں گے
انہوں نے کہا کہ گورنر کی حیثیت سے سب کو ساتھ لے کر چلوں گا، کراچی کی ترقی میں وفاق اپنا حصہ ڈالے گا، بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات کو یقینی بنائیں گے، کوشش ہو گی کہ ترقیاتی منصوبوں میں پیپلز پارٹی بھی شامل ہو جائے۔
یاد رہے سندھ اسمبلی کے نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا ہے، سندھ اسمبلی کے سپیکر ،ڈپٹی سپیکر ،قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کا انتخاب بھی ہوگا۔