ایبٹ آباد ،گلیات میں شدید برفباری،راستے بند،نظام زندگی مفلوج،سیاح پھنس گئے

ایبٹ آباد ،گلیات میں شدید برفباری،راستے بند،نظام زندگی مفلوج،سیاح پھنس گئے


ایبٹ آباد (24نیوز) گلیات میں شدید برفباری سے مری روڈ سمیت تمام رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں، نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا، سیر و تفریح کیلئے گئے سیاح پھنس کر رہ گئے، بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق ایبٹ شہر سمیت گلیات میں ہوئی خوب برفباری ہوئی۔ جیسے پوری وادی نے سفید چادر اوڑھ لی ہو۔ لیکن کئی انچ برف کی تہہ سے ان علاقوں میں نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا۔ شدید برفباری سے ایبٹ آباد اور گلیات جانے کیلئے رابطہ سڑکیں بھی بند پڑی ہیں۔ سیاح کو راستے کی تلاش کیلئے میلوں پیدل چلنا پڑتا ہے۔ مقامی افراد معمولات زندگی رواں رکھنے کیلئے اپنی مدد آپ کے تحت گھروں اور دکانوں کے سامنے پڑی برف ہٹاتے ہیں۔

دوسری جانب شدید سردی اور برفباری نے بجلی کا نظام بھی درہم برہم کرکے رکھ دیا۔بجلی کی فراہمی معطل ہوئے کئی گھنٹے گزر گئے۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ رابطہ سڑکیں بند ہونے سے ان علاقوں میں غذائی اجناس کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ بارش ہو یا برفباری یوں تو قدرت کا انمول تحفہ ہیں لیکن کبھی کبھار یہ رحمت باعث زحمت بھی بن جاتی ہے۔