توہین عدالت کیس ,طلال چودھری کووکیل کرنے کیلئے مہلت مل گئی

توہین عدالت کیس ,طلال چودھری کووکیل کرنے کیلئے مہلت مل گئی


اسلام آباد(24نیوز) توہین عدالت کیس میں طلال چودھری کو ایک اور مہلت مل گئی،سپریم کورٹ نے عاصمہ جہانگیر کی وفات کے باعث طلال چوہدری کو نیا وکیل کرنے کی اجازت دیدی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں مسلم لیگ(ن) کے رہنما اور وزیر مملکت طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں جسٹس مقبول باقر اورجسٹس فیصل عرب پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے کی۔طلال چوہدری نے عدالت عظمی کو بتایا کہ ان کی وکیل عاصمہ جہانگیر کا انتقال ہوگیا ہے۔ لہذا عدالت نیا وکیل کرنے کی مہلت دے جس پر عدالت نے وزیر مملکت کی استدعا منظور کرتے ہوئے انہیں مہلت دی اور کیس کی سماعت19 فروری تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری کوعدلیہ مخالف تقریر پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔ طلال چودھری جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کے سامنے پیش ہوں گے۔