نواز شریف پارٹی میں مخالفانہ رائے دینے والے رہنماؤں پر برس پڑے


اسلام آباد (24 نیوز) ن لیگ میں اختلافات کی خبروں کی تصدیق ہوگئی، پنجاب ہاؤس میں اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ کہاں ہیں وہ جو جی ٹی روڈ کی بجائے موٹروے سے جانے کا مشورہ دیتے تھے، کارکنوں نے جواب دیا کہ وہ سارے بھاگ گئے ہیں۔

لودھراں میں ن لیگ کے امیدوار کی شاندار کامیابی نے نواز شریف کے اعتماد کو ساتویں آسمان پر پہنچا دیا ہے، اسی لیے پنجاب ہاؤس میں اجلاس کے دوران وہ پارٹی میں مخالفانہ رائے دینے والے رہنماؤں پر برس پڑے۔ نواز شریف نے جی ٹی روڈ کی بجائے موٹروے سے لاہور جانے کے مشورے دینے والے کو خوب آڑھے ہاتھوں لیا۔

میاں نواز شریف نے نام لیے بغیر ایک اور انکشاف کیا کہ ایک بندے نے تو مجھے جہاز کے ذریعے لاہور جانے کو کہا تھا۔ اس موقع پر طلال چودھری بھی کافی جارحانہ موڈ میں نظر آئے۔

اس سے پہلے احتساب عدالت میں پیشی کے بعد کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ لودھراں میں لاڈلے کو عبرتناک شکست ہوئی،عوامی عدالت سازشیوں کو جواب دے رہی ہے۔