پاکستان نے امریکا کی نئی پالیسی کیلئے مسودہ تیار کرلیا


اسلام آباد (24 نیوز) پاکستان نے امریکا کی نئی پالیسی کا توڑ ڈھونڈ لیا، نئی قومی سلامتی پالیسی کا مسودہ تیار کرلیا، بھارت کی جارحانہ پالیسی اور افغان معاملات کو بھی حصہ بنایا گیا حتمی منظوری پارلیمان سے لی جائے گی۔

مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے جنوبی ایشیا کے لئے امریکی پالیسی کے جواب میں قومی سلامتی پالیسی کا مسودہ تیار کرلیا ہے جس کی کاپیاں پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی امور کو بھی مہیا کر دی گئی ہیں۔

مسودے کو حتمی شکل دینے کے بعد پارلیمان کی منظوری کا عمل شروع کیا جائے گا۔ قومی پالیسی کے دو حصے داخلہ اور خارجہ پالیسی پر محیط ہیں۔ بھارت کی جارحانہ پالیسی کا جواب بھی اس میں شامل ہے۔

سینئردفاعی تجزیہ کار میجر ریٹائرڈ اظہار حسین شاہ نے ٹوئنٹی فور نیوز سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان کی جانب سے جو قومی سلامتی پالیسی کا مسودہ تیار کیا گیا ہے اس سے امریکا کو بھرپور جواب ملے گا۔ افغانستان سے سرحدی معاملات، مہاجرین کی وطن واپسی، دہشت گردی اور سیکیورٹی معاملات کو بھی رپورٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ایران، روس اور چین سمیت اہم ممالک سے تعلقات کے لئے حکمت عملی بھی وضع کی گئی ہے۔

سیکیورٹی پالیسی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں میں مربوط روابط پر بھی زور دیا گیا ہے۔