بارش سے موسم خوشگوار، پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری


لاہور(24نیوز) گزشتہ روز ہونے والی بارش سے آج بھی موسم خوشگوار رہا۔ رات گئے لاہور میں دھند بھی چھائی رہی۔ پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیش گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، ژوب، فاٹا،کشمیر اور گلگت بلتستان میں مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

 تفصیلات کے مطابق پیر کو ہونے والی بارش سے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خوشگوار ہوگیا۔ لاہور میں بارش کے ساتھ ژالہ باری سے شہری خوب لطف اندوز ہوئے۔ موسم کا خوب مزا لیا۔

راولپنڈی اوراسلام آباد سمیت پنجاب، خیبرپختونخوا میں بھی بارش سے موسم رنگین ہوگیا۔ سردی بڑھنے کا لوگوں پر کچھ اثر نہ ہوا۔ سیر و تفریح کیلئے نکل پڑے۔ گرم گرم سوپ اور لذیز کھانے کھائے اور خوب انجوائے کیا۔

کوئٹہ سمیت بلوچستان میں بھی بعض مقامات پر ہلکی بارش سے رت سہانی ہوگئی۔ لوگ رنگین موسم انجوائے کرتے رہے۔

ملکہ کوہسارمری سمیت شمالی علاقہ جات میں پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہےسیاحوں نےبرفباری سے لطف اندوز ہونے کیلئے پہاڑی علاقوں کا رخ کر لیا۔ شدید سردی کے باوجود برفباری کو خوب انجوائے کیا۔ ایک دوسرے پر برف کے گولے پھینکے، ماحول ایسا ہو اور سیلفیاں نہ لی جائیں یہ تو ہو نہیں سکتا۔ منچلوں عجیب عجیب انداز میں خوب سیلفیاں لیں۔

جو ابھی تک برفباری نہیں دیکھ سکے وہ بھی تیاری کر لیں کیونکہ محکمہ موسمیات نے مزید برف باری کی نوید سنا دی ہے۔ اس کے علاوہ مالاکنڈ، ہزارہ، ژوب، فاٹا،کشمیر اور گلگت بلتستان میں مزید بارش اور پہاڑوں پربرفباری کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔