بلوچستان میں آج نئے قائد ایوان کا انتخاب ہوگا

بلوچستان میں آج نئے قائد ایوان کا انتخاب ہوگا


کوئٹہ(24نیوز)نواب ثناءاللہ زہری کے مستعفی ہونے کے بعد نئے وزیراعلیٰ بلوچستان کے انتخاب کے لیے رائے شماری آج ہوگی، جس کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی سیکریٹریٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس صبح 10 بجے کے بجائے ساڑھے 11 بجے ہو گا جبکہ نئے وزیراعلیٰ شام 5 بجے اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے،دوسری جانب ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے انتخاب کے باعث اسمبلی آنے والے تمام راستے صبح 8 بجے سے بند رہیں گے، اہم اجلاس کے لیے اسمبلی کی سیکیورٹی پر پولیس کے 900 اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ فرنٹیئر کور کے اہلکار بھی سیکیورٹی پر مامور ہوں گے۔

ڈی آئی جی کوئٹہ نے بتایا کہ اسمبلی میں بغیر شناختی کوائف کے کسی کو بھی داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کے انتخاب کے لیے گذشتہ روز کاغذات نامزدگی حاصل کیے اور جمع کرائے گئے جس میں مسلم لیگ (ق) کی جانب سے عبدالقدوس بزنجو جبکہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی جانب سے آغا لیاقت اور عبدالرحیم زیارتوال نے کاغذات جمع کرائے۔

خیال رہے کہ نواب ثناءاللہ زہری نے اپنی ہی جماعت کے ناراض اراکین کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے سے قبل ہی 9 جنوری کو وزارت اعلیٰ کے منصب سے استعفیٰ دے دیا تھا۔