پشاور: سمگلروں کیخلاف 3 کاروائیوں میں کروڑوں مالیت کا اسلحہ برآمد


پشاور (24 نیوز) اسلحہ سمگلروں کے خلاف پشاور پولیس نے تین بڑی کاروائیوں میں کروڑوں مالیت کا اسلحہ برآمد کر لیا۔ اسلحہ سمگلنگ کے خلاف ہونے والی کاروائیوں میں اب تک سات ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

پشاور پولیس لائن میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ایس پی صدر سرکل شوکت خان نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے میں اسلحہ سمگلروں کے خلاف ناکہ بندیوں کے دوران کروڑوں روپے کا اسلحہ برآمد کیا گیا ہے جو قبائلی علاقے درہ آدم خیل سے پنجاب سمگل کیا جا رہا تھا، جسے ممکنہ طور پر دہشت گردی کی کاروائیوں میں استعمال ہونا تھا۔

برآمد کئے گئے اسلحے میں 121 عدد رائفل، 274 کلاشنکوف، ایک جی تھری، 76 پستول، سات نائن ایم ایم، 135 پستول، چودہ چائنہ رائفل اور ایک لاکھ 41 ہزار کارتوس شامل ہے۔ اسلحے کو آلوٹو مہران، پانی کی ٹینکر اور ٹرک کے خفیہ خانوں میں چھپا کر سمگل کیا جا رہا تھا۔

بڑی تعداد میں برآمد کیا گیا اسلحہ ایک ہی سمگلر کا تھا جنہیں مختلف اوقات میں سمگل کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم پولیس نے سمگلروں کی تمام کوششیں ناکام بنا کر خصوصی ناکہ بندیوں کے دوران اسلحہ برآمد کر لیا۔