وی آئی پیز کیلئے 2 منٹ سے زیادہ سڑکیں بند نہ کی جائیں: سپریم کورٹ

وی آئی پیز کیلئے 2 منٹ سے زیادہ سڑکیں بند نہ کی جائیں: سپریم کورٹ


کراچی (24 نیوز) سپریم کورٹ نے وی آئی پی موومنٹس کے حوالے سے فیصلہ سنا دیا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وی آئی پیز کے لئے دو منٹ سے زیادہ سڑکیں بند نہ کی جائیں۔ چیف جسٹس نے مزارِ قائد پر بغیر پروٹوکول حاضری بھی دی۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے مثال قائم کردی، وی آئی پی پروٹوکول کے بغیر بانیِ پاکستان کے مزار پر عام شہری کی طرح حاضری دی۔

اس کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سڑکوں پر وی آئی پی مومنٹ کے معاملے کی سماعت ہوئی۔ آئی جی سندھ سمیت دیگر اعلیٰ افسران پیش ہوئے۔ آئی جی سندھ نے بیان دیا کہ وی آئی پی لوگوں کے لئے عارضی طور پر سڑکیں بند کی جاتی ہیں، جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ میں نے کبھی کہا کہ مجھے وی آئی پی پروٹوکول دیا جائے؟ عدالت نے آئی جی سندھ کو دو منٹ سے زیادہ سڑکیں بلاک کرنے سے روک دیا۔

عدالت نے حکم دیا کہ یہ حکم صرف کراچی کے لئے نہیں بلکہ پورے ملک کے لئے ہے، پورے ملک میں اس پر عملدرآمد کیا جائے جبکہ بلو بک کے مطابق عملدرآمد ہر گز نہ کیا جائے۔ عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔