پاکستان کیخلاف کسی بھی بھارتی مس ایڈونچر کا بھرپور جواب دیا جائے گا


اسلام آباد (24 نیوز) ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت آزمانہ چاہتا ہے تو آزمالے۔ پاکستان کیخلاف کسی بھی بھارتی مس ایڈونچر کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کے درعمل میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ذمہ دار شخص کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ بیان دیا گیا۔ اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ بیانات اہم عہدہ رکھنے والوں کو زیب نہیں دیتے۔ بھارت ہمارا حوصلہ دیکھنا چاہتا ہے تو آزمالے، بھارت کسی دھوکے میں نہ رہے۔ پاکستان کے پاس مشرقی سرحد سے آنے والی خطرے سے نمٹنے کے لیے جوہری صلاحیت موجود ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ جارحیت مسلط کرنے کی خواہش بھارت کی ہوسکتی ہے، دو جوہری ریاستوں کے درمیان جنگ کی کوئی گنجائش نہیں۔ بھارت غیر روایتی اور ریاستی دہشتگردی کے ذریعے پاکستان کو نشانا بنا رہا ہے۔ بھارت تمام تر منفی ہتھکنڈوں کے باوجود اپنے منصوبوں میں ناکام رہا ہے۔

آصف غفور نے کہا ہے کہ پاک فوج پیشہ وارانہ اور ایک ذمہ دار ادارہ ہے۔ اس قسم کے بیانات کے ذریعے قوم کے عزم کو کم نہیں کیا جاسکتا۔