انٹرنیشنل کبڈی ٹاکرا، پاکستانی شیر جوانوں اور بھارتی سورماؤں کو دھول چٹا دی



لاہور(24نیوز)پاکستان گرین نے بھارت کو شکست دے کر انٹرنیشنل کبڈی ٹاکرے کی ٹرافی اپنے نام کرلی ، پاکستان وائٹ نے ایران کو شکست دے کر تیسری پوزیشن اپنے نام کی، مقابلے دوران اسٹیڈیم میں میلے کاسماں رہا۔

تین ملکی کبڈی ٹاکرے کافائنل پنجاب اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں پاکستانی شیروں نے بھارتی سورماؤں کی ایک نہ چلنے دی۔ پاکستان گرین کے لالہ جابرکمبوہ ،مشرف جنجوعہ اورشفیق چشتی کے سامنے بھارتی کھلاڑی بے بس دکھائی دئیے۔ پاکستان نے میچ انتیس کے مقابلے میں چالیس پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی۔ پاکستان کی کامیابی کے ساتھ ہی شائقین کبڈی میدان میں داخل ہوگئے اور ٹیم کی کامیابی کا خوب جشن منایا۔

صوبائی وزرا عبدالعلیم خان،میاں اسلم اقبال اوررائے تیمورحسین بھٹی کے علاوہ،پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر چودھری شافع حسین اورڈی جی اسپورٹس پنجاب ندیم سروربھی فائنل میچ دیکھنے کے لئے اسٹیڈیم میں موجودتھے اس سے قبل تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان وائٹ نے ایران کو 24 کے مقابلے میں 31پوائنٹس سے شکست دی۔ اس میچ میں پاکستان کےعرفان مانا،رئیس گجر،لالہ عبید اللہ کمبوہ اورلالہ سیف اللہ کمبوہ نے شاندارکھیل کا مظاہرہ کیا۔

فائنل میچ میں وقفے کےدوران کلچرل شونے شائقین کبڈی کے دل موہ لئے۔ شو میں چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے روایتی رقص پیش کئے گئے،

پاکستانی کبڈی کھلاڑیوں نے انٹرنیشنل کبڈی ٹاکراکے انعقادپراسپورٹس بورڈپنجاب اورحکومت کوخراجِ تحسین پیش کیا۔  پاکستان گرین کے مشرف جنجوعہ ٹورنامنٹ کے بہترین سٹاپر ،لالہ جابر کمبوہ بہتر ریڈرقرارپائے۔ ٹورنامنٹ کی فاتح پاکستانی ٹیم کو دس لاکھ روپے جبکہ رنرز اپ بھارت ٹیم کوپانچ لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی۔