کراچی: انسانی زندگیوں سے کھیلنے والی لیڈی ڈاکٹر پکڑی گئی


  کراچی (24نیوز) جناح اسپتال میں انسانی زندگیوں سے کھیلنے والی جعلی لیڈی ڈاکٹرپکڑی گئی۔ ستم بالائے ستم یہ کہ یہ خاتون ایک برس سے گائنٹی وارڈ میں آپریشنزمیں بھی حصہ لیتی تھی۔ ملزموں کوریمانڈ پرجیل بھیج دیاگیا۔

 تفصیلات کے مطابق جعلی ڈاکٹر عائشہ کو وومن پولیس نے گائنی وارڈ نمبر ایک سے گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق پوچھ گچھ کی گئی تو ملزمہ مطمئن نہ کرسکی۔

ملزمہ عائشہ کورنگی کی رہائشی ہے جس کے پاس لیڈی ہیلتھ وزیٹر کا بھی کوئی سڑٹفکیٹ نہیں تھا۔ بیگ کی تلاشی کے دوران بلڈ پریشر اور دل کی دھڑکن چیک کرنے والے آلات اور مشکوک ادویات بھی ملیں ہیں۔

ملزمہ کے خلاف دفعہ 419 اور 170 کے تحت مقدمات درج کرلیئے گئے ہیں۔ شہریوں نے جناح ہسپتال انتظامیہ پر کڑی تنقید کی ہے۔ ملزمہ کو پولیس کیجانب سے جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے ملزمہ عائشہ کو 26 مارچ تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور کہا کہ پولیس چاہے تو جیل میں ملزمہ سے تفتیش کر سکتی ہے۔ جناح ہسپتال کی اس مجرمانہ غفلت پر موقف لینے کی کوشش کی گئی۔ تاہم جناح ہسپتال انتظامیہ نے جواب دینے سے انکار کردیا۔