"حکومت ناخن کٹا کر شہیدوں میں شامل ہونے کی کوشش نہ کرے"



اسلام آباد(24 نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کی نئے صوبوں کے قیام کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کے بیان کو بل کی مخالفت کے طور پر پیش کیاجارہا ہے، انہوں نے جنوبی پنجاب صوبے کی مخالفت نہیں کی ۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبے کے قیام کا بل پاکستان مسلم لیگ (ن) کئی ماہ پہلے پیش کرچکی ہے۔ دونوں صوبوں کے قیام کا بل مجلس قائمہ میں زیرغور ہے،قواعد کے تحت نیا بل پیش نہیں ہوسکتا۔  شاہد خاقان عباسی نے سوال کیاتھا کہ حکومت پہلے سے جمع شدہ بل پر پیش رفت کیوں نہیں کررہی؟

  مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت دھونس، دھاندلی اور حکومتی اختیارات کے ذریعے قواعد کو ردی کی ٹوکری میں پھیکنا چاہتی ہے،   حکومت ناخن کٹا کر شہیدوں میں شامل ہونے کی کوشش نہ کرے ۔  حکومت اب قواعد وضوابط کا کھلواڑ بنا کر سیاست کی نذر کررہی ہے، کئی ماہ تک ہماری تعاون کی پیشکش کا جواب کیوں نہیں دیا؟ بعد میں یاد آنے والا گھونسہ منہ پر مار لینا چاہئے۔

  مریم اورنگزیب کا مزید  کہنا تھا کہ حکومت کو اچانک جنوبی پنجاب کی یاد آگئی ہے تاکہ آئی ایم ایف سے عوام کی توجہ ہٹانے کا نیا ڈرامہ ہوسکے،  موجودہ حکومت کو نہ آئین کا پتہ ہے نہ رولز آف بزنس کا اور نہ ہی قانون سازی کا، اللہ تعالی اس ملک کو محفوظ رکھے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہی جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبوں کے قیام کا بل جمع کرایا اور پنجاب اسمبلی سے قرارداد بھی منظور کرائی تھی، حکومت نئے صوبوں کے قیام میں سنجیدہ ہے تو بہاولپور صوبے کو بھی تسلیم کرے۔