وزیر اعظم نے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ وفا کردیا


اسلام آباد( 24نیوز ) وزیراعظم عمران خان نے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ وفا کردیا،اسلام آباد کے کالج میں پودا لگا کر ” کلین اینڈ گرینپاکستان مہم کا آغاز کردیا۔

وزیراعظم نے صاف صفائی مہم میں بھی حصہ لیا اور علامتی طور پر جھاڑو لگاکر مہم کا آغاز کیا جب کہ طالبات کے ساتھ کالج گراﺅنڈ سے کچرا اٹھایا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے طلبا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درخت بڑھنے سے زیر زمین پانی کی سطح اوپر آئے گی، درجہ حرارت بڑھنے سے دریاوں میں زیادہ پانی آئے گا اور سیلاب آئیں گے، گلوبل وارمنگ سے متاثر ملکوں میں پاکستان ساتویں نمبر پر ہے، یورپ میں کوئی گندگی نہیں، ہم اپنے ملک میں گندگی پھیلاتے ہیں، دریا گندے کرتے ہیں، لاہورمیں آلودگی کا لیول سب سے زیادہ ہے، ہم اپنے بچوں کی صحت اور مستقبل تباہ کررہے ہیں، آلودگی سے انسان کی زندگی کے گیارہ سال کم ہوتی ہے-

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم گلوبل وارمنگ کے شکار ممالک میں سب سے آگے ہیں، ہم نے کے پی کے میں بلین ٹرین سونامی میں ایک ارب درخت لگائے، اب پانچ سال میں 10 ارب درخت لگانے کا ہدف ہے، اس کا مطلب ہےکہ ملک کا سارا موسم پیٹرن تبدیل ہوسکتا ہے اس سے بارشیں زیادہ ہوں گی، پانچ سال بعد کا پاکستان یورپ سے زیادہ صاف ہوگا۔

کراچی میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نیم کا پودا لگایا،میئر کراچی بھی ان کے ساتھ تھے،صدرمملکت نے شرکاءسے خطاب بھی کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ صفائی نبیﷺ کی سنت بھی اور صحت بھی ۔سب لوگ گندگی سے معاشرے کو پاک کرنے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی ” کلین اینڈ گرین “مہم کا آغاز کردیا ہے،انہوں نے اس وقت میڈیا سے بھی گفتگو کی ،صحافی نے پوچھا کے وزیر اعلیٰ آپ ہیں لیکن آپ کے اختیارات کوئی اور استعمال کررہا ہے؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ آپ بھی بتا دیں میرے اختیارات کس کے پاس ہیں۔