آئی ایم ایف کےپاس نہ جانےکی بات کبھی نہیں کی: اسد عمر

آئی ایم ایف کےپاس نہ جانےکی بات کبھی نہیں کی: اسد عمر


اسلام آباد(24نیوز) وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ آئی ایم ایف سے قرضہ نہیں لیں گے۔ 

وزیر خزانہ اسد عمر نے صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف سے 18 مرتبہ قرضہ لے چکا ہے، سات مرتبہ فوجی حکومتوں نے آئی ایم ایف سے قرضہ لیا ، ایسا لگ رہا ہے کہ پی ٹی آئی نے کوئی انوکھا کام کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ عمران خان نے کبھی کہا ہوگا کہ آئی ایم ایف سے قرضہ نہیں لیں گے۔عمران خان نے اس الیکشن مہم میں نہیں کہا کہ وہ آئی ایم ایف سے قرضہ نہیں لیں گے۔ میں نے عمران خان کو بتایا ہوا تھا کہ آئی ایم ایف کے سواء کوئی آپشن نہیں ہے۔سعودی عرب چین اور یو اے ای نے کوئی شرط نہیں رکھی۔

اسد عمر کا مزید کہناہے کہ ڈالر کی قیمت ایک روپیہ بڑھنے سے 95 ارب کا ملکی قرضہ بڑھا ہے۔ اس کا ذمہ دار وہی ہے جس نے معیشت کو تباہ کیا۔ جب تجارتی خسارہ بڑھے گا تو ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوگا ۔ اگر برآمدات نہیں بڑھیں تو ڈالر کی قیمت بڑھتی جائے گی۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔