حالیہ انتخابات ملکی تاریخ کے شفاف الیکشن تھے: ترجمان پاک فوج


لندن(24نیوز) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ25جولائی کو ہونے والے انتخابات  شفاف الیکشن تھے،  اُنہوں نے کہا مسلم لیگ ن نے فوج کی ہرضرورت پوری کی اور دہشت گردی کیخلاف آپریشن کی منظوری دی ۔ بھارتی سرجیکل اسٹرائیک کے دعوؤں کومسترد کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ بھارت جھوٹ بول رہا ہے ، بھارت اگر ایک سرجیکل اسٹرائیک کرے گا تو پاکستان دس کرے گا۔ 
 لندن میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو  کرتے ہوئے پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نےکہا  کہ پاکستان میں عام انتخابات انتہائی شفاف اورآزاد ہوئے تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران کسی کو نہیں کہا گیا  کہ کسے ووٹ دینا اورکسے نہیں دینا، اگر کسی کے پاس ثبوت ہے تو لے آئے، تبدیلی کے سال سے متعلق ان کی ٹوئٹ کوغلط معنوں میں لیا گیا، وقت بتائے گا25 جولائی کا الیکشن تاریخ کے شفاف ترین انتخابات تھے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے فوج کی ہر ضرورت پر توجہ دی اور مکمل تعاون کی۔ ن لیگ نے دہشت گردی کیخلاف آپریشن کی منظوری دی ۔  ان کا کہنا تھا کہ فوج جمہوریت کی مضبوطی چاہتی ہے، سیاسی اختلافات کو قومی سلامتی پر ترجیح نہ دی جائے۔ کرپشن کےخلاف مہم میں فوج کا کوئی کردار نہیں، فوج میں احتساب کا اپنا طریقہ کار ہے۔ انہوں نے گاڑیوں کی خریداری سےمتعلق خط کو جعلی قرار دیا۔
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ فوج کا کام ملک کی سلامتی برقرار رکھنا ہے اور فوج پوری طرح مشرقی اور مغربی سرحد پر مصروف ہے۔اُنہوں نے سرجیکل اسٹرائیک کے بھارتی دعوے کودیومالائی کہانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے بھارت جھوٹ بول رہا ہے۔ بھارت نے ایک سرجیکل اسٹرائیک کی تو پاکستان 10 کرے گا،جس ملک کی فوج مضبوط نہ ہو وہ ٹوٹ جاتا ہے، فوج جمہوریت کی مضبوطی چاہتی ہے۔
موجودہ فوج یقین رکھتی ہےکہ جمہوریت ہی مسائل کا واحد حل ہے اور جمہوریت کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے انتہائی حد تک جائیں گے۔فوج سب سےمنظم ادارہ ہے، پاک فوج کی طرح دیگر اداروں کوبھی مضبوط ہوناچاہیے۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔