24نیوز کے رپورٹر پر قاتلانہ حملہ، ملزمان گرفتار نہ ہوسکے

 24نیوز کے رپورٹر پر قاتلانہ حملہ، ملزمان گرفتار نہ ہوسکے


فیصل آباد (طیب مقبول) 24نیوز کے رپورٹر عثمان حیدر پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ تھانہ بٹالہ کالونی میں درج کرلیا گیا،مقدمے میں 2ملزموں کو نامزد کیا گیا جبکہ دیگر تین نامعلوم افراد  پربھی مقدمہ درج کیا گیا ہے، مقدمہ درج ہونےکے باجود ملزمان گرفتارنہ ہوسکے۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں24نیوزکے رپورٹر عثمان حیدر پر گزشتہ رات ہونے والے فائرنگ کا معاملہ میں دو نامزد ملزمان سمیت پانچ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، مقدمہ درج ہونے کےباجود پولیس ملزموں کوگرفتارنہ کر سکی،گزشتہ رات امین پارک گلی نمبر 1 میں رپورٹر عثمان نے پانچ افرادکو شور مچانے سے منع کیا،جس پر پانچوں افرادمشتعل ہو گئے اوراندھا دھند فائرنگ کر دی،فائرنگ کے نتیجے میں رپورٹر عثمان حیدر سمیت دو خواتین زخمی ہوئیں،ریسکیو نے زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

رپورٹر عثمان حیدر کو تین گولیاں لگیں، ڈاکٹرز کی جانب سے آپریشن کر کے دو گولیاں نکال لی گئیں جبکہ ایک گولی ٹانگ میں ابھی بھی موجود ہے، رپورٹر عثمان حیدر کا کہنا تھا کہ سٹی نیوز نیٹ ورک فیملی کا بے حد مشکور ہوں جو شانہ بشانہ میرے ساتھ کھڑی ہے،ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فہد کا کہنا تھا کہ ملزمان کی شناخت عدنان اور مبین کے نام سے ہوئی ، جن کی تلاش جاری ہے،جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی آو فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے،12 گھنٹوں سے زائد کا وقت گزرنے کے باوجود دو نامزد اور تین نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ تو درج کر لیا گیا مگر گرفتار ی عمل میں نہ لائی جا سکی،آئی جی پنجاب کے نوٹس کے باوجود پولیس کی روایتی ہٹ دھرمی سمجھ سے بالا تر ہے۔

صحافی برادری کی سٹی فورٹی ون کے رپورٹر پر فائرنگ کی مذمت، صدر پریس کلب فیصل آباد ظفر ڈوگر، ڈائریکٹر نیوز 24 نیوز میاں طاہر، گروپ ایڈیٹر نوید چودھری، پی ایف یو جے کے جنرل سیکرٹری رانا عظیم، سابق صدر پریس کلب لاہور اعظم چودھری سمیت دیگر صحافیوں نے شدید مذمت کی۔