برطانیہ نے غیرملکی طلبہ کو بڑی آفر کردی

برطانیہ نے غیرملکی طلبہ کو بڑی آفر کردی


لندن(24 نیوز)برطانیہ نے غیرملکی طلبہ کو بڑی آفر کردی،طلبہ گریجویشن کے بعد دو سال مزید برطانیہ میں قیام کرسکیں گے، وزیراعظم بورس جانسن کہتے ہیں اس اقدام سےغیرملکی طلبا اپنے مستقبل کی بہتر شروعات کرسکیں گے۔

برطانوی وزارتِ خارجہ کی غیر ملکی طلبہ کےلئے نئی تجاویز سامنے آگئی ہیں،جس کے تحت غیرملکی طلبا کو گریجویشن کے بعد مزید دو سال تک برطانیہ میں رہنے کی اجازت ہوگی۔

برطانوی وزارتِ خارجہ کے مطابق نئی تجاویز کا مقصد برطانوی تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل غیرملکی طلبا کو نوکری تلاش کرنے میں معاونت فراہم کرنا ہے۔غیر ملکی طلبا کے نوکریاں تلاش کرنے پربھی پابندی نہیں ہوگی۔

وزیراعظم بورس جانسن کاکہنا ہے کہ اس تبدیلی سے غیر ملکی طلبا اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے مستقبل کی بہتر شروعات کرنے کے قابل ہو سکیں گے۔

حکام کے مطابق جو طالبِ علم پہلے ہی برطانیہ میں ہیں انہیں نئی پیشکش سے فائدہ نہیں ہو گا۔ برطانوی یونیورسٹیز کے چیف ایگزیکٹیو ایلسٹیر جاروس کا کہنا ہے کہ اس اقدام سےمعیشت مضبوط ہوگی۔غیر ملکی طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer