71واں یوم آزادی،پاکستانی قوم کا دنیا بھر میں جشن


اسلام آباد( 24نیوز )آج پوری قوم جشن آزادی بھرپور ملی جوش و جذبے سے منا رہی ہے، یوم آزادی کی مرکزی تقریب کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہوئی، تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین، نگران وزیر اعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر املک اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔
پورا ملک آج جشن آزاد کے رنگوں میں ڈوبا ہے، پاکستان کا ہر شہری جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہے، جشن آزادی کی پروقار مرکزی کی تقریب کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہوئی، تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا، صدر مملکت ممنون حسین نے پرچم کشائی کی۔
انسانوں کو انسانوں کی غلامی سے نجات کرانے کا نام آزادی ہے:صدر مملکت
تقریب سے خطاب میں صدر مملکت نے قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی، صدر مملکت نے کہا آزادی کا مقصد انسانوں کو انسانوں کی غلامی سے نجات دلانا ہے،صدر مملکت ممنون حسین نے کہا دہشت گردی کے خوف کے باوجود عوام نے عام انتخابات میں بھرپور شرکت کرکے دہشت گردوں کے ارادوں کو شکست فاش دی ہے، انہوں نے آنے والی حکومت پر زور دیا کہ وہ عوام کے منڈیٹ کا احترام کرے اور ان کی امنگوں میں پورا اترے۔
تقریب میں شریک مختلف اسکولوں کے طالب علموں نے کلام اقبال اور ملی نغمے پیش کرکے شرکا کالہو گرمایا۔ مرکزی تقریب میں صدر اور وزیراعظم نے سبز ہلالی پرچم لہرایا، اس سے قبل تلاوت قرآن پاک کی گئی اور پاکستان کا قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔

دن کا آغاز
آج دن کا آغاز ملک بھر کی مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کی طویل جدوجہد کی کامیابی کے لیے خصوصی دعاوں سے ہوا،دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
دوسری جانب صبح 8 بجکر 58 منٹ پر ملک بھر میں سائرن بجائے گئے،صدر مملکت، نگران وزیراعظم اور اہم شخصیات کی طرف سے دن کی مناسبت سے خصوصی پیغامات بھی جاری کیے گئے،پرچم کشائی کی تقاریب صوبائی دارالحکومتوں کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں بھی منعقد کی گئیں،چاروں صوبوں کے نگران وزرائے اعلیٰ نے ان تقریبات میں شرکت کی۔

بیرون ملک جشن آزادی کے حوالے سے تقریبات
دریں اثناءبیرون ملک پاکستانی مشنزمیں بھی پرچم کشائی کی پروقار تقاریب کا انعقاد کیا گیا ہے،اس موقع پر پاکستانی سفیر اور ہائی کمشنرز نے افسران اور کمیونٹی ارکان سے خطاب میں تحریک پاکستان کو اجاگر کیا گیا۔

ملک بھر میں جشن
ملک بھر میں شہروں اور قصبوں کو برقی قمقموں اور سبز ہلالی پرچم والی اور رنگا رنگ جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے جبکہ پرچم کشائی کی بھی خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے،رات کو 12بجتے ہی ملک بھر کے چھوٹے،بڑے شہروں ،دیہات میں آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا،ملک کی فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، دن ملک بھر میں تمام سرکاری اور نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا گیا ہے، اس کے علاوہ بلند و بالا و سرکاری عمارتوں پر چراغاں کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا ہے۔

پاک فوج کا یوم آزادی پر قوم کو تحفہ، ایک کروڑ درخت لگانے کا اعلان
یوم آزادی کے موقع پر مختلف فاسٹ فوڈز، ملبوسات، موبائل کمپنیوں، ٹیکسی سروسز اور دیگر کمپنیوں نے عوام کے لیے خصوصی رعایتی پیکجز کا اعلان بھی کیا ہے۔
گوگل کا ڈوڈل
گوگل بھی پاکستان کے رنگ میں رنگ گیا اور اس نے گوگل کا ڈوڈل قومی پرچم سے تبدیل کرکے پاکستانی قوم جشن آزادی کا تحفہ دیا،پوری پاکستانی قوم نے گوگل کے اس اقدام کو سراہا۔


یاد رہے آج سے اکہتر برس پہلے دنیا کے نقشے پر پاکستان کا وجود سامنے آیا تھا،برصغیر کے مسلمانوں کو الگ ملک ملا تھا جسے پاکستان کہتے ہیں۔

برطانوی ہائی کمشنر کی پاکستانی قوم کو مبارکباد