سپیکر ،ڈپٹی سپیکر کیلئے کاغذات جمع،انتخاب کل ہوگا


اسلام آباد( 24نیوز )سپیکر،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کیلئے کا غذات نامزدگی جمع کروا دیئے گئے، کل ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران خفیہ رائے شماری کے ذریعے سپیکر و ڈپٹی سپیکر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔
سپیکر قومی اسمبلی کے لیے تحریک انصاف کی جانب سے اسد قیصر اور ہم خیال جماعتوں کے امیدوار سید خورشید شاہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے،تحریک انصاف کی جانب سے سپیکر قومی اسمبلی کے لیے اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے قاسم سوری نے اپنے کاغذات نامزدگی سیکرٹری قومی اسمبلی کے پاس جمع کرا دیے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ بھی پارٹی رہنماوں کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاوس پہنچے جہاں انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، وہ متحدہ اپوزیشن کے نامزد امیدوار ہیں۔
سیکرٹری قومی اسمبلی نے خورشید شاہ کے کاغذات نامزدگی وصول کیے اس موقع پر دونوں کے درمیان دلچسپ مکالمہ بھی ہوا،سیکرٹری قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ آپ کے آنے سے پہلے ہم بلا مقابلہ انتخاب کا طریقہ دیکھ رہے تھے جس پر خورشید شاہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ یہ تو میرے خلاف سازش تھی۔

یہ بھی پڑھیں:  71واں یوم آزادی،پاکستانی قوم کا دنیا بھر میں جشن
سپیکر قومی اسمبلی کے لیے خورشید شاہ کے تجویز کنندگان میں ان کے دیرینہ دوست سید نوید قمر، رمیش لعل، شازیہ ثوبیہ، مسرت مہیسر اور شاہدہ رحمانی شامل ہیں،امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ سپیکر شپ کے لیے پی ٹی آئی کے اسد قیصر اور متحدہ اپوزیشن کے خورشید شاہ کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔


کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ 25 سال سے پارلیمنٹ میں ہوں اور جتنے ممبران پارلیمنٹ میں آرہے ہیں سب سے اچھا تعلق ہے، ساری سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کی بالادستی کے لیے بات کی ہے۔