کشمیر پاکستان کے بغیر اور پاکستان کشمیر کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتا:عثمان بزدار

 کشمیر پاکستان کے بغیر اور پاکستان کشمیر کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتا:عثمان بزدار


لاہور(24 نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ  کشمیر پاکستان کے بغیر اور پاکستان کشمیر کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتا۔آج کا یوم آزادی کشمیری بھائیوں کے نام کرتے ہیں۔

انہوں نے مزار اقبال پر پرچم کشائی کے بعدحضوری باغ میں یوم آزادی کی تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ   پاکستان کے یوم آزادی پر پوری قوم کومبارک باد پیش کرتا ہوں۔  یوم آزادی دراصل یوم تشکر بھی ہے اور یوم تجدید عہد بھی۔اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہیں جس نے ہمیں پاکستان جیسی بے مثال نعمت سے نوازا۔ پاکستان میں رب ذوالجلال کی عطا کردہ ہر نعمت فراوانی سے موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوم آزادی اس لحاظ سے بے حد اہمیت کا حامل ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظلم و استبداد انتہا کو پہنچ چکے ہیں۔ جموں و کشمیر کی الگ حیثیت ختم کرکے مودی سرکار اپنی ہٹ دھرمی کا انمٹ ثبوت دے چکی ہے۔  یوم آزادی کو اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی لازوال تحریک سے منسوب کرتے ہیں۔ کشمیر پاکستان کے بغیر اور پاکستان کشمیر کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتا۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار   نے کہا کہ قائداعظمؒ کے الفاظ کو دہراتا ہوں کہ ” کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے“۔عثمان بزدار  دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کو پاکستان سے جدا نہیں کرسکتی۔  مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے تحریک پاکستان کے جذبے کی ضرورت ہے۔7 194 ء کے بعد قوم آج پھر اسی آزمائش سے گزر رہی ہے۔  ہمیں آج پھر اپنے ذاتی اختلافات کو بھلا کر ایک ہونا ہوگا۔عثمان بزدار  یوم آزادی کی خوشیاں منانے کیساتھ ہمیں ان تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھنا ہوگاجووطن عزیز کی طرف سے ہم پر واجب الادا ہیں۔

  ہمیں اچھے شہری اور اچھے پاکستانی بننا ہوگا اور اس کیلئے تمام تر قوانین کی پابندی کو شعار بنانا ہوگا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے قیام پاکستان کو 7 دہائیاں گزر چکی ہیں۔ قوم ترقی کی راہ پر آگے بڑھ رہی ہے۔ہماری فوج کے افسر اور جوان سرحدوں پر سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔   ہماری پولیس کے افسر اور جوان دہشت گردی کے خلاف جنگ اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف مہم میں داد شجاعت پا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے اس تاریخی موقع پر پاک فوج کی عظیم الشان کاوشوں اور بے مثال قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔پاک فوج نے مادر وطن کی حفاظت کا فریضہ سرانجام دیتے ہوئے عظیم قربانیوں کی تاریخ لکھی ہے۔پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیری عوام کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم آزادی پر سبز ہلالی پرچم کیساتھ ساتھ کشمیر کے پرچم بھی لہرائے جارہے ہیں۔ میری اپیل ہے کہ پنجاب کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار محبت کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور دنیا کو بتا دیں کہ کشمیر کل بھی ہمارا تھا اور کشمیر آج بھی ہمارا ہے۔کشمیری عوام کے ساتھ تھے،ہیں اوررہیں گے۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer