سردی کی لہر برقرار، پنجاب اور بالائی سندھ میں شدید دھند


لاہور (24نیوز) ملک بھر میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا، پہاڑی علاقوں میں برفباری ہوئی، خیبر ایجنسی میں بیس سال بعد شدید ژالہ باری ہوئی، پنجاب کے بیشتر علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہے، ٹرینوں اور پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا، دھند اور بڑھنے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور خیبرپختونخوا سمیت کئی علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی،پہاڑی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، خیبر ایجنسی میں بیس سال بعد شدید ژالہ باری ہوئی۔

سیاح پہاڑی علاقوں کی سیر کو نکل پڑے، برفباری سے خوب لطف اندوز ہوئے۔

پنجاب اور سندھ کے اکثر علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہے، شدید دھند کے باعث موٹروے سمیت اہم شاہراہوں پر حد نگاہ کہیں صفر تو کہیں ہونے کے برابر رہی، جس سے ٹریفک کی روانی سست کا شکار ہوگئی، ٹرینوں اور پروازوں کی آمد و رفت بھی تاخیر کا شکار ہوئی، لوگوں کو اپنی منزل مقصود تک پہنچنے میں دشواری کا سامنا رہا۔

کراچی میں بھی ہلکی بوندا باندی اور تیز ہوائوں سے سردی محسوس کی گئی، شہر کا درجہ حرارت پندرہ ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں سردی کی یہ لہر برقرار رہے گی۔

پنجاب اور سندھ بالائی علاقے کل بھی شدید دھند کی لپیٹ میں رہیں گے، موٹر وے اور ہائی وے پولیس نے شہریوں کو سفرر کے دوران احتیارطی تدابیر اختیار کرنے کی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔