سعودی عرب سے ڈالر پہنچ گئے

سعودی عرب سے ڈالر پہنچ گئے


اسلام آباد( 24نیوز ) ملک کی گرتی ہوئی معیشت کو آسرا مل گیا، سعودی عرب نے ایک ارب ڈالر کی دوسری قسط پاکستان کو منتقل کردی، جس کے بعدسٹیٹ بینک کے زر مبادلہ کے ذخائر 8 ارب 26کروڑ ڈالر ہوگئے، سعودی پیکج کے تحت ایک ارب ڈالر کی تیسری قسط جنوری کے وسط میں پاکستان کو ملے گی ۔

اس سے قبل گذشتہ ماہ نومبر میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سعودی عرب سے ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط موصول ہونے کی تصدیق کی تھی۔

واضح رہے کہ رواں برس 23 اکتوبر کو وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر اس بات کا اعلان کیا گیا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کو 12 ارب ڈالر کا امدادی پیکج دینے پر رضا مند ہوگیا ہے۔

خیال رہے کہ موجودہ حکومت کرنٹ اکائونٹ خسارہ دور کرنے اور معیشت کی حالت بہتر کرنے کے لیے کوششیں کررہی ہے، اس سلسلے میں حکومت نے چین اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے بھی مذاکرات کیے ہیں۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer