ن لیگ میں اختلافات کی خبروں کی تصدیق ہوگئی


اسلام آباد(24نیوز) ن لیگ میں اختلافات کی خبروں کی تصدیق ہوگئی، پنجاب ہاؤس میں اجلاس میں سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ کہاں ہیں وہ جوجی ٹی روڈ کی بجائے موٹروے سے جانے کامشورہ دیتے تھے،کارکنوں نے جواب دیا کہ وہ سارے بھاگ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لودھراں میں ن لیگ کے امیدوارکی شاندارکامیابی نے نوازشریف کے اعتماد کو ساتویں آسمان پرپہنچادیا ہے،اسی لیے پنجاب ہاؤس میں اجلاس کے دوران وہ پارٹی میں مخالفانہ رائے دینے والے رہنماؤں پربرس پڑے،نوازشریف نے جی ٹی روڈ کی بجائے موٹروے سے لاہورجانے کے مشورے دینے والے کو خوب آڑھے ہاتھوں لیا۔
میاں نوازشریف نے نام لیے بغیرایک اورانکشاف کیا کہ ایک بندے نے تو مجھے جہاز کے ذریعے لاہورجانے کو کہاتھا،اس موقع پرطلال چودھری بھی کافی جارحانہ موڈ میں نظرآئے،اس سے پہلے احتساب عدالت میں پیشی کے بعد کارکنوں سے گفتگوکرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ لودھرا ں میں لاڈلے کو عبرتناک شکست ہوئی،عوامی عدالت سازشیوں کو جواب دے رہی ہے۔
کامیاب جلسوں کے بعد لودھراں کے ضمنی الیکشن میں کامیابی کے بعد میاں نوازشریف کو اپنا نیابیانیہ کامیاب ہوتا دکھائی دے رہا ہے،اسی لیے نوازشریف پارٹی کے اندربھی اپنے مخالفین کے ساتھ حتمی لڑائی کے موڈ میں نظرآتے ہیں۔