آصف زرداری،ہمشیرہ فریال کی ضمانت میں توسیع

آصف زرداری،ہمشیرہ فریال کی ضمانت میں توسیع


کراچی( 24نیوز )کراچی میں بینکنگ کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری میں پانچ مارچ تک توسیع کردی، عدالت نے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر کو حتمی چالان پیش کرنے کی ہدایت کی بھی کردی ۔

دوران سماعت عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیس میں کیا پیش رفت ہوئی، جس پر تفتیشی افسر نے موقف اپنایا کہ کیس میں کافی پیش رفت ہوئی ہے۔ جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرادی ہے۔ سپریم کورٹ کی ہدایت پر کیس کا ریکارڈ نیب کو منتقل کررہے ہیں۔جس پر آصف زرداری اور فریال تالپور کے وکیل فاروق نائیک نے موقف اپنایا کہ ایف آئی اے کی ذمہ داری ہے کہ فائنل چالان پیش کرے ۔ سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں نیب کو ریفرنس فائل کرنے کا نہیں کہا ۔جس پر ۔عدالت نے پراسکیوٹر کو فائنل چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔ 

کمرہ عدالت میں عبدالغنی مجید کے وکیل کا کہنا تھا کہ میرے موکل کو سرجری کے لئے نہیں بھیجا جارہا ۔ ان کے ڈاکٹر نے بتایا کہ پہلے روایتی علاج ہورہا تھا جو ناکام ہوگیا۔ جس پر عدالت نے غنی مجید کو طبی امداد فراہم کرنےکا بھی حکم دے دیا۔

عدالت نے آصف علی زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان کی ضمانت پر 5 مارچ تک توسیع کردی،، جبکہ انور مجید غنی مجید کی درخواست ضمانت پر سماعت 20 فروری تک ملتوی کردی ۔