چودھری برادران سے چینی سفیر کی ملاقات، پاک چین دوستی لازوال قرار

چودھری برادران سے چینی سفیر کی ملاقات، پاک چین دوستی لازوال قرار


لاہور (24نیوز)  مسلم لیگ ق کے قائدین چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہیٰ سے چین کے سفیر نے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 تفصیلات کے مطابق چین کے سفیر یاؤ جنگ نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین اور سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویز الٰہی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات، باہمی تعاون اور دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری برادران نے پاکستان اور چین میں دو طرفہ مضبوط تعلقات، بھائی چارے اور برسوں کی دوستی کے رشتہ کو لازوال قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دوستی حکومتوں کے درمیان نہیں بلکہ عوام کے درمیان ہے۔

  چینی سفیر نے پنجاب میں چودھری پرویزالٰہی کی حکومت کے دوران فیصل آباد اور سندر انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام کو سراہا۔

 مسلم لیگی قائدین نے چین کی ترقی کو دنیا بھر کیلئے مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں زیرو کرپشن کی چینی مثال کو سامنے رکھنا ہو گا تاکہ قوم کا قیمتی سرمایہ کوئی بھی خرد برد نہ کر سکے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک صرف دونوں ملکوں کے مفاد میں نہیں بلکہ یہ پورے خطے کی عوام کے مفاد میں ہے۔

 ملاقات میں پارٹی کے سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ، سینیٹر کامل علی آغا، مونس الٰہی، سالک حسین اور رانا خالد بھی موجود تھے۔

ویڈیو دیکھیں: