2013 کے الیکشن میں سونامی کے غبارے سے ہوا نکل گئی: ناصر حسین شاہ

2013 کے الیکشن میں سونامی کے غبارے سے ہوا نکل گئی: ناصر حسین شاہ


لاہور (24 نیوز) وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ دو ہزار تیرہ کے الیکشن میں سونامی کے غبارے سے ہوا نکل گئی۔ پیپلزپارٹی آئندہ انتخابات میں سب سے زیادہ سیٹیں کراچی سے جیتے گی۔

وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دو ہزار تیرہ کے الیکشن میں سونامی کے غبارے سے ہوا نکل گئی۔ پیپلزپارٹی آئندہ انتخابات میں سب سے زیادہ سیٹیں کراچی سے جیتے گی۔ بلوچستان میں وزیراعلیٰ منتخب نہ ہوپاتا تو صورتحال بگڑ سکتی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں صفائی کا مسئلہ حل کرنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔ چائنا کٹنگ اور بوری بند لاشوں کا کلچر ایم کیوایم کے دور میں آیا۔ کے ایم سی اور دیگر اداروں میں خرابی کی ذمہ دار ایم کیوایم ہے۔ کراچی کے بڑے ترقیاتی منصوبے صرف پیپلز پارٹی نے مکمل کئے، سندھ میں روزگار صرف پیپلز پارٹی نے دیا۔ سندھ کے عوام نے ایسے اتحادوں کو کبھی اہمیت نہیں دی، گرینڈ ڈیموکریٹ الائنس پہلے بھی آزمائے ہیں۔ روشن سندھ پروگرام سے سندھ کے دیہات کو روشن کردیا، دنیا بھر سے سرمایہ کاروں نے سندھ کا رخ کرلیا ہے۔ کینسر کے علاج کے لئے بھی خصوصی یونٹس بنائے گئے ہیں۔ تھرکول منصوبے کے 4 بلاک کامیابی سے چل رہے ہیں۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر کردیا۔ نہروں کی لائننگ کرکے لاکھوں ایکڑ زمین کو بنجر ہونے سے بچایا۔ پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے چھوٹے چھوٹے ڈیم بنائے۔ سندھ میں لاکھوں خواتین کو بلاسود قرضے دے کر پاؤں پر کھڑا کیا۔ انرجی سیکٹر میں سندھ حکومت نے بہت کام کیا۔ سندھ کے سرکاری اسکولوں کے بچوں نے نمایاں پوزیشنز حاصل کیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ میں عوام کی بہتری کے لئے بہت اقدامات کئے، دل کے امراض میں مبتلا افراد کے ہسپتال بنائے ہیں۔ پیپلزپارٹی باتیں نہیں کرتی عوام فلاح کے اقدامات کرتی ہے۔ پنجاب سے بھی دل کے مریض مفت علاج کے لئے سندھ آسکتے ہیں۔