جعلی بینک اکاؤنٹس کیس،چیف سیکرٹری سندھ کو دوبارہ شوکاز جاری

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس،چیف سیکرٹری سندھ کو دوبارہ شوکاز جاری


اسلام آباد(24نیوز)جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں نیب نے احتساب عدالت کو بتایا ہے کہ تین ملزمان کی وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواستوں کو ابھی منظور نہیں کیا گیا۔ دو ملزمان ناصر عبداللہ اور اعظم وزیر کے ریڈ وارنٹ کے لیے وزارت داخلہ سے رجوع کر رکھا ہے۔عدالت نے عبدالغنی مجید کو کراچی کی ملیر جیل سے پیش نہ کرنے پر چیف سیکرٹری سندھ کو شوکاز نوٹس بھجوانے کے احکامات دوبارہ جاری کر دیے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے جعلی بینک اکاؤنٹس ریفرنس پر سماعت کی، سابق صدر آصف علی زرداری کو سماعت کے موقع پر احتساب عدالت پہنچایا گیا۔ تاہم ان کی بہن فریال تالپور آج کی سماعت میں عدالت پیش نہ ہوئیں۔ عدالت نے فریال تالپور کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کر لی، نیب نے بتایا کہ تین ملزمان کرن امان، نورین سلطان اور عقیل شاہ راشدی کی وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواستوں کو ابھی منظور نہیں کیا گیا، ان پر کارروائی جاری ہے۔ دو ملزمان ناصر عبداللہ اور اعظم وزیر کے ریڈ وارنٹ کے لیے وزارت داخلہ سے رجوع کیا گیا ہے تاہم انہیں اس متعلق مزید دستاویزات درکار ہیں۔

ملزم عبدالغنی مجید کو کراچی کی ملیر جیل سے پیش نہ کرنے پر چیف سیکرٹری سندھ کو شوکاز نوٹس ارسال نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا ۔ جج احتساب عدالت نے ریمارکس دیے کہ چیف سیکرٹری سندھ نے گوارا بھی نہیں کیا کہ وہ عدالت میں پیش ہو جائیں یا جواب دے دیں، چیف سیکرٹری سندھ کے خلاف کارروائی کروں گا۔

وکیل صفائی نے کہا پہلے یہ دیکھ لیں کہ نوٹس جاری ہو گیا اور ان کو مل بھی گیا ہو۔ جس پر عدالتی عملے نے بتایا چیف سیکرٹری کو پہلا نوٹس بھیجا تھا شوکاز ابھی دفتر سے ارسال ہی نہیں ہوا۔ عدالت نے کہا 20 دن ہو گئے شوکاز نوٹس ہی نہیں بھجوایا گیا؟ عدالت نے نوٹس جاری کرنے کے احکامات دوبارہ دیے ۔

ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم نہ کرنے پر وکلا صفائی نے اعتراض کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کو حراست میں لے رکھا ہے مگر الزام کا نہیں بتا رہے، ابھی تک ملزمان کو پتہ ہی نہیں کہ ان پر الزام کیا ہے؟تفتیشی افسر نے بتایا ریفرنس کی نقول رجسٹرار آفس میں جمع کروا دی ہیں جس پر عدالت نے آج ہی ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کا حکم دیا ۔ ریفرنس پر سماعت 27 جون تک ملتوی کر دی گئی۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer