رائیونڈ : پولیس چیک پوسٹ کے قریب دھماکہ، 5 پولیس اہلکاروں سمیت9 افراد شہید

رائیونڈ : پولیس چیک پوسٹ کے قریب دھماکہ، 5 پولیس اہلکاروں سمیت9 افراد شہید


رائیونڈ (24 نیوز) رائیونڈ اجتماع گاہ کے قریب دھماکہ ہوا۔ جس کے نتیجہ میں 5 اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق رائیونڈ اجتماع گاہ کے قریب نثار چیک پوسٹ پر دھماکہ ہوا ہے جس کی آواز پنڈال تک سنی گئی۔ دھماکہ کے نتیجہ میں 5اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید اور 35 افراد زخمی ہوئے جن میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ دھماکہ خود کش تھا، دہشت گرد نے اجتماع گاہ کی جانب جاتے ہوئے نثار چیک پوسٹ کے قریب خود کو اُڑا لیا۔

موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب پولیس چیک پوسٹ کی ایک شفٹ اپنا وقت پورا کر کے جا رہی تھی جبکہ دوسری شفٹ کےلیے آنے والے اہلکاروں کو اے ایس پی بریفنگ دے رہے تھے۔پولیس کے مطابق اسی دوران دہشت گرد موٹر سائیکل پر آیا اور خود کو اڑا لیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز حیدر اشرف کے مطابق دہشت گرد نے پولیس کو نشانہ بنایا۔

زخمی ہونے والوں میں 4 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ دھماکہ کے بعد کھلبلی مچ گئی۔ لوگ ادھر ادھر بھاگنا شروع ہو گئے۔

دھماکہ کے حوالے سے پاکستان کی سیاسی قیادت کی جانب سے مذمت کی گئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شہیدوں کی قربانیوں کو رایگاں نہیں جانے دیں گے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ دہشت گردوں کی ایسی کارروائیاں ہماری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں رکاوٹ نہیں بن سکتیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردوں کی نرسریاں تباہ کیے بنا یہ جنگ جیتی نہیں جا سکتی۔

ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جانب سے آپریشن رد الفساد جاری ہے جس کے نتیجہ میں بے شمار دہشت گردوں کو ٹھکانے لگایا جا چکا ہے۔ دہشت گرد اپنی آخری سانسیں لے رہیں اور اس طرح کی کارروائیاں کر رہے ہیں۔

مزید اس ویڈیو میں: