وادی نیلم پل ٹوٹنے کا واقعہ، جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہوگئی


مظفر آباد(24نیوز) ٹوئنٹی فور نیوز نے وادی نیلم میں جاگراں نالے کے پل ٹوٹنے کی فوٹیج حاصل کرلی ہے۔ پل ٹوٹنے سے 7 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوئے تھے۔ 8 افراد کی تلاش جاری ہے۔

سیلفی لینے کا شوق بہت سے مواقعوں پر جان لیوا ثابت ہوا، ایسا ہی منظر وادی نیلم کے جاگراں نالے کے پل پر پیش آیا۔سیاحت کی غرض سے گئے پچیس پل پر کھڑے سیلفی بنا رہے تھے کہ اچانک نالے کا پل ٹوٹ گیا، پل کے گرنے کی فوٹیج بھی ٹوئنٹی فور نیوز نے حاصل کرلی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان مسلم لیگ ن نواز شریف اور شہباز شریف کے ساتھ کھڑی ہے: شاہد خاقان عباسی

حادثہ کے نتیجے میں 7 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 13 زخمی ہوئے جنھیں بذریعہ ہیلی کاپٹر مظفر آباد  میں سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ جبکہ باقی 8 افراد کی تلاش جاری ہے۔ذرائع کے مطابق   جاں بحق ہونے والوں میں ٹپس کالج فیصل آباد کے 3، ساہیوال میڈیکل کالج کا ایک، ٹریکر کلب کے 2 افراد شامل ہیں جبکہ ایک کی شناخت نہیں کی جاسکی۔

 

سانحہ میں جاں بحق خوشاب کےملک ندیم فیاض اوراس کی اہلیہ کی میتیں گھر پہنچیں تو کہرام مچ گیا، ندیم اور اس کی اہلیہ کے والدین غم سے نڈھال تھے،فیصل آباد سے تعلق رکھنے والوں کی میتیں بھی ان کےآبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئیں۔
وادی نیلم کے ایک پکوڑے فروش نے اپنا فرض ادا کر دیا تھا، پکوڑے فروش نے وہاں نوٹس لگا رکھا تھا کہ پل کی حالت ٹھیک نہیں، احتیاط کریں، لیکن سیلفی اور ایڈونچر کے شوقینوں نے اس وارننگ کو نظر انداز کر دیا، اور حادثے کا شکار ہوگئے۔

امدادی ٹیمیں مزید افراد کی تلاش میں مصروف ہیں جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر  نے مظفرآباد میں کنٹرول روم قائم کیا  ہے اور متاثرہ خاندانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کنٹرول روم کے فون نمبر 0582220097 پر رابطہ کریں۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔