اگلی مرتبہ پورے پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت ہوگی: عمران خان

اگلی مرتبہ پورے پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت ہوگی: عمران خان


اسلام آباد (24 نیوز): چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ اگلی مرتبہ پورے پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت ہوگی، کہتے ہیں ملک اس وقت ترقی کرتا ہے جب حکومت مثبت طریقے سے آگے کا سوچتی ہے۔

 

اسلام آباد کنونشن سنٹر میں بلین سونامی ٹری کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ بلین سونامی ٹری منصوبے کے تحت 2018 میں 2 ارب درخت لگائیں گے، آلودگی سے بچاؤ کے لیے شجرکاری ناگزیر ہے۔

 

ان کا مذید کہنا تھا کہ انشاءاللہ پورے پاکستان میں اگلی دفعہ حکومت تحریک انصاف کی ہوگی، عمران خان کا کہنا تھا اس ملک میں بہت مسائل ہیں لیکن ان مسائل کا حل بھی ہے، ملک اس وقت ترقی کرتا ہے جب حکومت آگے کا سوچتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں آلودگی سے لوگوں کی زندگیوں کو خطرہ ہے، کنکریٹ کے پل بنا لینے سے ملک ترقی نہیں کرتا۔

 

تقریب سے وزیر اعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ جب عمران خان صاحب نے بلین سونامی ٹری کا اعلان کیا تو مجھے لگتا تھا شاید ہم اس منصوبے میں فیل ہوجائیں گے، اگر کسی کو اس منصوبے پر شک ہے تو ہم اس کے لے سروے کروانے کو تیار ہیں۔

 

سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی جہانگیر ترین کا کہنا تھا کے پی حکومت نے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کو یقینی بنا دیا، سب کو کہتا ہوں خیبر پختونخواہ سے مثبت تبدیلی سیکھیں۔