عوام کوسردیوں کا پہلا تحفہ مل گیا، ایل پی جی 5 روپے فی کلو مہنگی ہوگئی

عوام کوسردیوں کا پہلا تحفہ مل گیا، ایل پی جی 5 روپے فی کلو مہنگی ہوگئی


لاہور (24 نیوز): حکومت کی جانب سے عوام کو سردیوں کا پہلا تحفہ مل گیا، سردی بڑھتے ہی قدرتی گیس گھروں سے غائب، ایل پی جی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو اضافہ ہوگیا۔

 

تفصیلات کے مطابق پانچ روپے اضافے کے بعد شہر میں ایل پی جی 110 روپے فی کلوگرام ہوگئی ہے، گھریلو سلنڈر 50 روپے اضافے کے بعد 1270 روپے کا ہوگیا، اسی طرح کمرشل سلنڈر کی قیمت میں بھی 200 روپے کا اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے بعد کمرشل سلنڈر 4895 روپے کا ہوگیا ہے۔

 

ایل پی جی ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ایل پی جی پر پٹرولیم لیوی ٹیکس کا نفاذ کیا گیا ہے جس کے بعد ایل پی جی کی قیمت بڑھی ہے۔

 

دوسری جانب صارفین نے ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سردیوں میں قدرتی گیس پہلے ہی گھروں میں ناپید ہوجاتی ہے اور رہی سہی کسر حکومت نے خود ہی پوری کر دی ہے۔

 

شہریوں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے۔