"پتا نہیں اسحاق ڈار کے نزدیک انصاف کا کیا معیار ہے"


اسلام آباد(24نیوز) سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت ایک ماہ کیلیے ملتوی کر دی گئی ،  چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ پتا نہیں اسحاق ڈار کے نزدیک انصاف کا کیا معیار ہے؟

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خزانہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار  کی وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت ہو ئی ، کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دئیے کہ پاکستان میں عدالتیں انصاف کر رہی ہیں،پتا نہیں اسحاق ڈار کے نزدیک انصاف کا کیا معیار ہے؟ اسحاق ڈار کہتے ہیں جب انصاف ملے گا تب پاکستان آؤں گا،اسحاق ڈار واپس آئیں تو انصاف ملے گا ناں، ان کی بیماری کا ایشو کیا کم ہے؟

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ملزموں کی حوالگی کا معاہدہ ہو چکا ہے، بعد ازاں عدالت نے  اسحاق ڈار کی وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت ایک ماہ کیلیے ملتوی کر دی ۔

واضح رہے اسحاق ڈار پاکستان میں ایک سے زائد مقدمات میں مطلوب ہیں اور ان کے خلاف پاناما لیکس کے تناظر میں نیب ریفرنس بھی دائر ہے جس میں وہ اشتہاری قرار دیے گئے ہیں۔