بھارت کو پاکستان سے ایک اور سفارتی شکست

بھارت کو پاکستان سے ایک اور سفارتی شکست


بلغراد ( 24نیوز ) پاکستان کی پارلیمانی سفارتکاری کامیاب، بھارت کو خفت کا سامنا،سینیٹر رضاربانی انٹرپارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن منتخب،شیری رحمن کمیٹی برائے پائیدار ترقی اور جاوید عباسی ڈرافٹنگ کمیٹی کے رکن بن گئے، بلغراد میں ہونے والے اجلاس میں بھارتی وفد کے تمام حربے ناکا م ہوگئے۔

سربیا کے دارالحکومت بلغراد میں دنیا کی 188 پارلیمانوں پر مشتمل انٹرپارلیمانی یونین ( آئی پی یو ) کی جنرل اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد نے شرکت کی۔ پاکستان کےپارلیمانی وفد میں سینیٹر رضا ربانی،سید فخر امام،شیری رحمان ودیگر شامل تھے۔ 

، اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ایشیاء پیسیفک ممالک نے آئی پی یو کی مجلس عاملہ کیلئے متفقہ نمائندہ منتخب کرنا تھا اور پاکستان کی پارلیمنٹ نے اس عہدے کیلئے سینیٹر رضا ربانی کو نامزد کیا تھا۔  پاکستان نے گروپ میں خفیہ رائے دہی کا مطالبہ کیا تھا جس پر بھارتی وفد نے انتخابات مؤخر کروانے کی کوشش کی تاہم اپنی یقینی ہار دیکھتے ہوئے بھارتی امیدوار نے اپنا نام واپس لینے کا اعلان کیا اور شکست تسلیم کی۔

اعلامیے کے مطابق  آخری وقت میں بھارتی لوک سبھا نے کانگریس کے رکن ششی تھرور کو امیدوار نامزد کیا تھا، بھارتی کوشش کو 34 رکنی ایشیاء پیسیفک گروپ کے کسی بھی رکن سے پذیرائی نہ مل سکی، بھارتی امیدوار کی انتخاب سے دستبرداری پر سینیٹر رضا ربانی بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ رضا ربانی 3 سال کیلئے انٹر پارلیمانی یونین کی مرکزی مجلس عاملہ کے رکن جبکہ سینیٹر جاوید عباسی ڈرافٹنگ کمیٹی کے رکن ہوں گے۔ 

اعلامیے کے مطابق سینیٹر رضا ربانی کے علاوہ ایشیاء پیسیفک گروپ نے سینیٹر شیری رحمان کو کمیٹی برائے پائیدار ترقی، مالیات اور تجارت کا رکن بھی منتخب کرلیا۔خیال رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بین الاقوامی پارلیمانی تنظیم (آئی پی یو) کی ایشیاء پیسیفک گروپ کے موجودہ چیئرمین ہیں۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer