وزیر اعظم کو اہم شخصیت کا فون


اسلام آباد ( 24نیوز ) وزیراعظم عمران خان کو فرانسیسی صدر نے ٹیلی فون کیا اور وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ فرانسیسی صدر نے دونوں ممالک میں تعاون اور رابطے بڑھانے پر زور دیا اورتوانائی‘ معیشت‘ آبی وسائل اور تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے باہمی اور عالمی امور پر مل کر کام کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسائل مل کر حل کریں گے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کی بڑی بھاری قیمت ادا کی۔ دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر افسوس ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فرانس کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید بہتر اور مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔ فرانس کے ساتھ وسیع البنیاد اور طویل المدتی شراکت داری چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نے فرانسیسی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور فرانسیسی صدر کو علاقائی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے افغانستان کی صورتحال سے متعلق صدر ایمانوئیل سے بات کی اور کہا کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کی ضرورت ہے۔
بات چیت کے ذریعے کشمیر سمیت تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے بھی میکرون کو آگاہ کیا۔ کشمیری عوام کی مشکلات دور کرنے میں عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔ وزیراعظم نے میکرون کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔
یاد رہے چند روز قبل بھی فرانسیسی صدر کے وزیر اعظم کو ٹیلی فون کی خبر بھی آئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے فون سننے سے انکار کردیا تھا۔