خنجراب کا موسم معتدل، سیاحوں نے ڈیرے ڈال لیے


ہنزہ (24 نیوز) سولہ ہزارفٹ بلندی پرواقع پاک چین بارڈر خنجراب میں موسم معتدل ہوتے ہی سیاحوں نے ڈیرے ڈال لیے۔ ہنزہ وادی گوجال میں سولہ ہزار فٹ کی بلندی پر واقع درہ خنجراب، جسے پاک چین سرحد کا دروازہ بھی کہا جاتا ہے۔

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ سے یہاں تجارتی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے۔ موسم بہار کی آمد کے ساتھ ہی ملک بھر سے گرمی کے ستائے شہری خنجراب کی ٹھنڈی ہواﺅں اور برفیلے پہاڑوں کا نظارہ کرنے یہاں پہنچ جاتے ہیں۔ سیاحوں کا کہنا ہے کہ خود کو فطرت کے قریب پا کر خوشی ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: گلوبل وارمنگ,موسمیاتی تبدیلی زندگی کیلئے خطرہ

خنجراب میں گرمیوں کے دوران سیاحوں کا رش لگ جاتا ہے۔ شہری یہاں کے قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہوتے ہیں، ساتھ ہی انہیں کیمروں میں محفوظ بھی کر لیتے ہیں۔

خنجراب کو دو ملکوں کے درمیان دنیا کی سب سے اونچی سرحد ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ ہلکی رم جھم کے ساتھ برف باری یہاں کے مناظر کو اور بھی یادگار بنا دیتی ہے۔