ایران، سیلاب سے 76 ہلاکتیں ہزاروں افراد بے گھر

ایران، سیلاب سے 76 ہلاکتیں ہزاروں افراد بے گھر


(24 نیوز) ایرا ن میں حالیہ ہفتوں کے دوران میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 76  اور ہزاروں بے گھر ہوگئے ہیں۔  چودہ ہزار کلومیٹر سے زیادہ طویل سڑکیں ٹوٹ پھوٹ گئی ہیں۔

ایرانی حکام نے سیلاب سے ہلاکتوں کے نئے اعدادوشمار جاری کیے ہیں جن کے مطابق صوبہ خوزستان میں متاثرہ علاقوں میں مزید پانچ افراد مارے گئے ہیں ۔ ایک شخص کی صوبہ ایلام میں موت ہوئی ہے۔اس طرح 19 مارچ کے بعد ملک بھر میں سیلاب کے نتیجے میں ڈوبنے ، مکان منہدم ہونے یا عمارتیں گرنے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 76 ہوگئی ہے۔

ایران کے یہ دونوں جنوب مغربی صوبے شدید بارشوں کے نتیجے میں سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ خوزستان میں حکام نے بیسیوں دیہات کو سیلاب کے پیش نظر خالی کرا لیا تھا۔ اس سے پہلے ملک کا شمال مشرقی زرعی علاقہ سیلاب سے زیادہ متاثر ہوا تھا اور وہاں شہروں اور دیہات سے ہزاروں افراد کو اپنا گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونا پڑا تھا۔