وزیراعظم کا کامیاب دورہ،سعودی عرب کی پاکستان کو بڑی پیشکش



ریاض( 24نیوز ) وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب پراعلامیہ جاری کردیاگیا،وزیر اعظم اور ولی عہد کی ملاقات میں باہمی اور خطہ کے امور پرتبادلہ خیال کیاگیا،اسٹریٹجک تعلقات کی اہمیت پر زوردیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق   وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کا ایک روزہ دورہ کیا،وزیراعظم نے دورے پرسعودی ولی عہدمحمدبن سلمان سے ملاقات کی،وزیراعظم کے سرکاری دورےپراعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم اورولی عہد کی ملاقات میں باہمی اورخطہ کے امورپرتفصیلی بات ہوئی،وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ پاک سعودی تعلقات خطہ میں امن او استحکام اورترقی کے ضامن ہیں، پاکستان مشرق وسطیٰ میں تنازعات ختم کرنے اورتناؤ کم کرنے میں کردار ادا کرتا رہے گا،وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان خطے اوردنیا کے امن کے لئے تمام ترکوششوں میں مددفراہم کرتا رہے گا۔

اعلامیے کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان میں سیاحت کے شعبے کی ترقی میں ہرممکن تعاون کی پیشکش کی،سیاحت کے فروغ سے متعلق سعودی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی،دونوں ممالک کی قیادت پاکستان سعودی تعلقات کو ایک نئی سطح پر لے جانے کے لئے پرعزم ہے،مسلسل روابط اسٹریٹجک شراکت داری کی اہمیت کی عکاسی کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے ولی عہدمحمد بن سلمان کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا،لائن آف کنٹرول پر جاری بھارتی جارحیت بارے بھی بتایا،وزیراعظم نے کشمیرپر او آئی سی رابطہ گروپ میں فعال کردار سمیت حمایت پرسعودی عرب کا شکریہ ادا کیا،بعدازاں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان وزیراعظم عمران خان کو خود گاڑی چلا کر ائیرپورٹ لائے اور الوداع کیا۔