حکومت کرپشن کے گاڈفادر کو بچانے کی کوشش کررہی ہے:عمران خان


اسلام آباد (24نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ وہ انسداد دہشتگردی کی عدالت میں اس لیے پیش ہورہے ہیں تاکہ ثابت کر سکیں کہ اس ملک کے شہری برابر ہیں، پاکستان کو دہشتگردی کی واچ لسٹ میں ڈالا جانا اخلاقی شکست ہے، بھارت ہمیں سفارتی سطح پر تنہا کرنے میں کامیاب ہوچکا ہے۔ موجودہ حکومت کے خلاف 91 ہزار ووٹ لینے پر علی ترین داد کے مستحق ہیں، لودھراں الیکشن جیت کر اور جلسے کرکے میاں صاحب عدلیہ کو دباؤمیں لانااور این آراو حاصل کرنا چاہتے ہیں، حکومت کرپشن کے گاڈفادر کو بچانے کی کوشش کررہی ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ان کے اے ٹی سی میں چکر لگ رہے ہیں یہ مذاق ہورہا ہے لیکن صرف اس لیے آرہے ہیں کہ ہم ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ اس ملک کے شہری برابر ہیں۔ ایک آدمی سیاسی احتجاج کر رہا ہے لیکن اس پر دہشتگردی کے 6 مقدمے قائم کردیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ کیوں نکالا کا ڈرامہ ہورہا ہے آپ 3 ہزار ارب روپے چوری کرکے لے جائیں اور خود کو مظلوم ظاہر کریں، میاں صاحب یہ سمجھ رہے ہیں کہ وہ اوپر سے اترے ہوئے ہیں اور ان پر کوئی قانون لاگو نہیں ہوتا۔پتلا پرائم منسٹر بیٹھا ہوا ہے اور اب کوئی شک نہیں ہے کہ یہ کرپشن کا ایک مافیا ہے جسے ڈر ہے کہ اگر نواز شریف کو سزا ہوگئی تو یہ بھی پکڑے جائیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو قیمے کے نان دے کر جلسے کرائے جا رہے ہیں لودھراں کے الیکشن میں انہوں نے پیسے خرچ کرکے نتائج تبدیل کرائے تاکہ عدلیہ پر دبا? ڈالا جاسکے اور این آر او حاصل کرسکیں۔چھوٹے میاں صاحب لوگوں کو پولیس کے ذریعے قتل کراتے ہیں،یہ منی لانڈرنگ کریں، جعلسازی کریں، عدالت اور پارلیمنٹ میں جھوٹ بولیں تو انہیں کوئی بھی نہ پکڑے کیونکہ یہ عوام کا ووٹ لے کر آئے ہیں۔ یہ لوگوں کو پاگل بنا رہے ہیں اور اس کا صرف ایک مقصد ہے کہ کسی طرح سزا سے بچ جائیں۔
لودھراں الیکشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک نوجوان پہلی بار حکومت کے خلاف الیکشن لڑ کر 91 ہزار ووٹ لے لیتا ہے، یہ بڑا معرکہ ہے، پنجاب کی تاریخ میں کوئی کتنی بار حکومت کے خلاف جیتا ہے؟ق لیگ کے دور میں ن لیگ کتنے ضمنی انتخاب جیتی؟، علی ترین کو داد دیتا ہوں کہ انہوں نے حکومت کے خلاف 91 ہزار ووٹ لیے۔موروثی سیاست کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ جنرل الیکشن میں صرف تین مہینے رہ گئے ہیں اس لیے ہمارے لوگوں نے کہا کہ علی ترین ہی بہترین امیدوار ہوسکتا ہے کیونکہ جب تین مہینے رہ جائیں تو کون پیسے خرچ کرتا ہے؟۔
عمران خان کا کہنا تھاکہ پاکستان کو دہشتگردی کی واچ لسٹ میں ڈالا جا رہا ہے خارجہ پالیسی میں ا س سے بڑی ہماری اخلاقی شکست نہیں ہوسکتی، یہ اس وجہ سے ہوا کہ ساری حکومت کرپشن کے گاڈ فادر کو بچانے میں لگی ہوئی ہے کیونکہ یہ وزرا چاہتے ہیں کہ وہ گاڈ فادر انہیں بچائے، یہ سب لوگ پیسہ بنانے میں لگے ہوئے ہیں، کرپشن کا مافیا آپس میں ملا ہوا ہے اس لیے ان کے پاس بالکل بھی وقت نہیں تھا کہ خارجہ پالیسی کو وقت دے سکیں بھارت پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

اظہر تھراج

انٹرنیشنل ریلشنزمیں ایم فل ،صحافی اور کالم نگار ہیں،مختلف اخبارات ،ٹی وی چینلز میں کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں