نیب ریفرنسز میں پیشی ' نوازشریف' مریم نواز کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے


اسلام آباد(24نیوز)سابق وزیراعظم نوازشریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ نیب ریفرنسز میں پیشی کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف اپنی صاحبزادی کے ہمراہ خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور سے اسلام آباد پہنچے ، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے تھے ، ن لیگ کے رہنما اور کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔
سابق وزیراعظم نوازشریف سخت سکیورٹی میں قافلے کے ہمراہ پنجاب ہاﺅس اسلام آبادپہنچ گئے،جہاں سے وہ نیب ریفرنسز میں پیشی کیلئے احتساب عدالت جائیں گے۔

یاد رہے سابق وزیراعظم نواز شریف آج 19ویں مرتبہ عدالت میں پیش ہوں گے جب کہ ریفرنس میں نامزد تینوں ملزمان نے حاضری سے استثنا کی درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بیگم کلثوم نواز برطانیہ میں زیر علاج ہیں، ان کی طبیعت شدید خراب ہے اور کچھ میڈیکل ٹیسٹ ہونے ہیں جب کہ ڈاکٹرز نے تجویز کیا ہے کہ اس موقع پر مریضہ کے شوہر کا ان کے ساتھ ہونا بہتر ہے۔
ملزمان کی جانب سے درخواست 19 فروری سے دو ہفتوں کے لیے حاضری سے استثنا کے لئے دائر کی گئی ہے اور عدالت نے اس پر بحث کے لیے نیب کو نوٹس جاری کر رکھا ہے۔
نیب نے نواز شریف کیخلاف مزید 2 ضمنی ریفرنسز دائر کردیے
خیال رہے کہ نیب نے گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف مزید 2 ضمنی ریفرنسز دائر کیے، فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز سے متعلق ضمنی ریفرنسزمیں 8،8 نئے گواہ شامل کیے ہیں اور دونوں ریفرنسز میں نواز شریف سمیت ان کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز بھی ملزم نامزد ہیں۔
اس سے قبل نیب نے 22 جنوری کو نواز شریف سمیت ان کے خاندان کے 5 افراد کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز کے سلسلے میں ایک ضمنی ریفرنس دائر کیا تھا۔