حکومت نے قرض اتارنے کے لیے کمرشل بینکوں سے نیا قرض لے لیا


اسلام آباد(24نیوز) مرکزی بینک سے لیے گئے قرضوں کا بوجھ زیادہ ہوا تو حکومت نے کمرشل بینکوں سے نیا قرض لے کر مرکزی بینک کا پرانا قرض واپس کرنا شروع کر دیا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران حکومت نے کمرشل بینکوں سے 2 کھرب 66 ارب 56 کروڑ روپے قرض لیا۔ اس میں سے 1 کھرب 99 ارب 25 کروڑ روپے مرکزی بینک کا قرض واپس کیا جبکہ 67 ارب 31 کروڑ روپے سے دوسرے روز مرہ کے اخراجات پورے کیے۔ مرکزی بینک کے قرض واپس کرنے کے باوجود رواں مالی سال کے 7 ماہ کے دوران مرکزی بینک سے لیے گئے حکومتی قرضوں کا حجم 7 کھرب 29 ارب 8 کروڑ روپے ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ حکومت مرکزی بینک سے قرض لے کر کمرشل بینکوں کا قرض واپس کرتی رہی۔ جنوری میں حکومت نے مجموعی طور پر مرکزی بینک سے 8 کھرب 58 ارب روپے کا قرض لے کر کمرشل بینکوں کا 8 کھرب 64 ارب روپے کا قرض واپس کیا تھا۔