ن لیگ کروڑوں کے قیمہ والے نان کھلا کر جلسے کر رہی ہے:عمران خان


اسلام آباد(24نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی توپوں کا منہ وزیر اعظم شاہد خاقان کی طرف ہوگیا، کہتے شاہد خاقان کٹھ پتلی وزیر اعظم اور کرپشن مافیا کا حصہ ہیں، ن لیگ والے کروڑوں روپے کے قیمے والے نان کھلا کر جلسے کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اس بار وزیر اعظم عباسی ہدف تنقید بن گئے۔ کہنے لگے وزیر اعظم عباسی تو کرپشن مافیا کا ایک مہرہ ہیں۔ میاں نواز شریف گروہ کے سرغنہ ہیں۔پھر بھی کہتے ہیں کیوں نکالا میرے خلاف مقدمات مضحکہ خیز ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف ملک میں قانون کی بالادستی چاہتی ہے۔ یہ پتلا وزیر اعظم ہے یہ سب کرپشن کرنے والا ایک مافیا ہے۔ کروڑوں روپے کے قیمے کے نان کھلا کر جلسے کر رہے ہیں۔ان کا مقصد صرف این آر او لینا ہے۔

لودھراں الیکشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک نوجوان پہلی بار حکومت کے خلاف الیکشن لڑ کر 91 ہزار ووٹ لے لیتا ہے۔ یہ بڑا معرکہ ہے۔ پنجاب کی تاریخ میں کوئی کتنی بار حکومت کے خلاف جیتا ہے۔ق لیگ کے دور میں ن لیگ کتنے ضمنی انتخاب جیتی۔ علی ترین کو داد دیتا ہوں کہ انہوں نے حکومت کے خلاف 91 ہزار ووٹ لیے۔موروثی سیاست کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ جنرل الیکشن میں صرف 3 مہینے رہ گئے ہیں۔ اس لیے ہمارے لوگوں نے کہا کہ علی ترین ہی بہترین امیدوار ہوسکتا ہے کیونکہ جب 3 مہینے رہ جائیں تو کون پیسے خرچ کرتا ہے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھاکہ پاکستان کو دہشتگردی کی واچ لسٹ میں ڈالا جا رہا ہے۔ خارجہ پالیسی میں ا س سے بڑی ہماری اخلاقی شکست نہیں ہوسکتی۔