خان صاحب اس قوم پر رحم کریں اور گھر چلے جائیں: شہباز شریف


بورے والا (24 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ ساڑھے چار سال جو خدمت کی وہ ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ الیکشن جیتے تو بورے والا میں زرعی یونیورسٹی بنائیں گے۔

بورے والا جلسے میں شہباز شریف نے کے پی حکومت پر بھی کھل کر تنقید کی، کہا خیبرپختونخوا میں ڈینگی آیا تو عمران خان پہاڑوں پر چڑھ گئے۔ خان صاحب جھوٹوں کے آئی جی ہیں، ان سے میٹرو نہیں بنتی، پورا پشاور اکھاڑ کر رکھ دیا، خان صاحب اس قوم پر رحم کریں اور گھر چلے جائیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ لودھراں انتخاب میں جہانگیر ترین نے الیکشن جیتنے کیلئے 5، 5 ہزار فی ووٹر کو دیا، لیکن وہ پھر بھی کامیاب نہ ہوئے۔ عوام کا ٹھاٹھے مارتا سمندر اس بات کا ثبوت دے رہا ہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن ہی کامیاب ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ میرے قائد نواز شریف نے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا جو وعدہ کیا تھا پورا کیا۔ 5 سال کی بجائے ہم نے ساڑھے 4 سال میں لوڈشیڈنگ ختم کر دی۔ اب گرمیوں میں آپ کے گھر میں پنکھے چل رہے ہوں گے۔