پاکستان کو عالمی واچ لسٹ میں شامل کیے جانے کا خدشہ


اسلام آباد (24 نیوز) امریکا پاکستان کو دہشت گردی کی مالی معاونت کرنے والے ممالک کی عالمی واچ لسٹ میں شامل کرانے کے لیے متحرک ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکہ نے ناجائز مالیات کے خلاف عالمی سطح کے معیار کا تعین کرنے والی تنظیم ایف اے ٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کو عالمی دہشت گرد مالیاتی واچ لسٹ میں شامل کیا جائے، جس کی نگرانی منی لانڈرنگ پر نظر رکھنے والا ایک گروپ ایف اے ٹی ایف کرے گا۔

ایف اے ٹی ایف رکن ممالک کا اجلاس آئندہ ہفتے پیرس میں ہو گا، جس میں پاکستان کے خلاف قرارداد منظور ہونے کا خدشہ ہے۔ مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ پاکستان نے عالمی واچ لسٹ میں نام ڈالے جانے کی بنیاد ہی ختم کر دی ہے، ہم اپنا مؤقف دنیا کے سامنے رکھ رہے ہیں۔ ہم نے جو اقدامات اٹھائے ہیں اس کے بعد کوئی تکنیکی وجہ نہیں ہے کہ پاکستان کا نام واچ لسٹ میں شامل کیا جائے۔