شہباز شریف نے وزیر اعظم کے الزام کو بیہودہ قرار دیدیا

شہباز شریف نے وزیر اعظم کے الزام کو بیہودہ قرار دیدیا


اسلام آباد( 24نیوز )اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیر اعظم عمران خان کے الزامات کو بیہودہ قرار دیکر جواب دینا بھی مناسب نہ سمجھا ،صحافیوں کے سوال پر آگے بڑھ گئے۔

پارلیمنٹ ہائوس آمد کے موقع پر شہبازشریف سے میڈیا نمائندوں نے سوالات کیے،ایک صحافی نے سوال کیا کہ عمران خان کہہ رہے ہیں کہ آپ واک آئوٹ این آر او لینے کے لیے کررہے ہیں؟اس پر شہبازشریف نے جواب دیا کہ عمران خان کا یہ الزام اتنا بے بنیاد ہے کہ اس کا جواب دینا بھی مناسب نہیں۔

یادرہے وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ پارلیمان جس پر عوام کے ٹیکسوں سے سالانہ اربوں کے اخراجات اٹھتے ہیں،کے ایوانِ زیریں سے حزب اختلاف کا ایک مرتبہ پھر واک آئوٹ ظاہر کرتا ہے کہ شاید یہی ایک کام ہے جو انہیں کرنا ہے۔ یہ این آر او کے حصول اور نیب مقدمات، جو ہم نے قائم نہیں کئے، سے چھٹکارے کیلئے دبائو ڈالنے کا ایک حربہ ہے۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ جن امور پر مشاورت ہوگی اس سے میڈیا کو آگاہ کریں گے۔

''حکومتیں اور پارلیمنٹ ٹوئٹر پر نہیں چلتیں''

مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومتیں اور پارلیمنٹ ٹوئٹر پر نہیں چلتیں۔وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان نون لیگ نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ اور عوام وزیراعظم کے لیے تلاش گمشدہ کا اشتہار دینا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ کی بات کرنے والے تب کہاں تھے جب دو سال اس پر لعنت بھیجتے رہے، این آر او کے الزام لگا کر آپ نہ عوام کو بے وقوف بنائیں، نہ ہمیں دھمکیاں دیں۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ہم آپ کے الزامات سے ڈرنے والے نہیں، اپوزیشن آپ کو فارن فنڈنگ اور علیمہ باجی پر این آر او نہیں دے گی۔

ترجمان نون لیگ نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن آپ کو نااہلی پر این آر او نہیں دے گی، اپوزیشن پوچھتی رہے گی کہ روپے کی قدر میں تاریخی 35 فیصد کمی کیسے ہوئی ؟

اظہر تھراج

Senior Content Writer