ملک کے مختلف حصوں میں بارش ، موسم خوشگوار

ملک کے مختلف حصوں میں بارش ، موسم خوشگوار


اسلام آباد(24نیوز)  ملک کے مختلف شہروں میں بارش نے رنگ جمادیا۔ مالاکنڈ، پشاور، کھاریاں، کشمیر اور دیگر علاقوں میں بادل برس پڑے ۔ موسم خوشگوارہونے سے گرمی اورحبس کم ہوگئی۔ لاہور،راولپنڈی ملتان، فیصل آباد میں بھی بارش کا امکان ہے۔

ملک کے مختلف شہروں میں بادل برسے تو کھل کر برسے۔ پشاور،کھاریاں، مالا کنڈ میں اوردیگر علاقوں میں بارش نے جل تھل ایک کردیا۔جس سے موسم سہانا ہوگیا ۔گرمی کی شدت کم اور حبس کی بھی چھٹی ہوگئی۔لاہور،گجرات،راولپنڈی ملتان ، فیصل آباد میں بھی بارش کا امکان ہے۔ گوجرانوالہ، ہزارہ ڈویژن، مالاکنڈ، مردان، کوہاٹ سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، بہاولپور، ملتان ڈویژن میں بھی بادلوں کے ڈیرے لگ گئے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب کے مختلف علاقوں ،کشمیر،گلگت بلتستان اور دیگرعلاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے۔ ملک کے بعض حصوں میں موسم خشک رہا۔بھکر میں درجہ حرارت 35، ڈیرہ غازی خان ،ملتان میں 34، رحیم یار خان ،کوٹ ادو میں 33 ڈگری رکارڈ کیا گیا ۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔